وفاق اور سندھ نے کراچی کی ترقی پر کتنا پیسہ خرچ کیا؟سندھ ہائیکورٹ نے جواب مانگ لیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے وفاق اور صوبائی حکومت سے کراچی کی ترقی پر خرچ کی گئی رقم کی تفصیلات طلب کرلیں۔ ہائی کورٹ میں کراچی کے پارکس اور کھیل کے میدانوں کی بحالی کے لیے سامان کی خریداری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل کلک نے موقف دیا کہ تمام خریداری شفاف طریقے سے کی گئی ہے، سامان کی خریداری عالمی پروکیورمنٹ کے ضوابط کے تحت کی جاتی ہے۔ منصوبے کے لیے ورلڈ بینک کی فنڈنگ موصول ہوئی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پارکس اور کھیل کے میدانوں کی بہتری کے لیے سرکار کا بین
الاقوامی فنڈنگ پر انحصار کرنا حیران کن ہے۔ وفاقی حکومت گزشتہ 3 برس کے دوران شہر سے وصول کردہ ٹیکس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرے، شہر سے وصول کیا گیا ٹیکس اور ڈیوٹی کی رقم اور اس کی ڈالر میں تبدیلی کرکے بتایا جائے۔ عدالت نے کہا کہ یہ بھی بتایا جائے کہ وفاق کے ٹیکس وصولی میں کراچی کا کتنا فیصد حصہ بنتا ہے‘ عدالت نے صوبائی حکومت سے بھی گزشتہ 3 برس کے دوران شہر سے جمع کردہ ٹیکس اور ڈیوٹی کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، بتایا جائے کہ صوبائی حکومت کے ٹیکس میں کراچی کا کتنا فیصد حصہ ہے۔ عدالت نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں یہ بھی بتائیں کہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے کتنی رقم خرچ کی جا رہی ہے، عدالت نے وفاق اور صوبائی حکومت سے شہر کی ترقی پر خرچ کی جانے والی رقم کی تفصیلات طلب کرلیں۔
سندھ ہائی کورٹ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: صوبائی حکومت عدالت نے خرچ کی کے لیے
پڑھیں:
فیصل کریم کنڈی کا صوبے کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر کوشش کی حمایت کا اعلان
اسلام آباد (ویب ڈیسک) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و خوشحالی کے لئے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قومی ترقی کے لئے اتحاد اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، انہوں نے حال ہی میں منعقدہ صوبائی وزرا کی حلف برداری کی تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب صوبائی استحکام اور ترقی کے لئے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گے جو ترقی کے عمل میں رکاوٹ یا بہتری کی راہ میں مشکلات پیدا کرے، آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے امکان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ اسی نوعیت کی ایک کانفرنس پہلے ہی صوبائی سطح پر منعقد ہو چکی ہے جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں نے شرکت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہر اُس کوشش کی حمایت کریں گے جو صوبے کی صورتحال میں بہتری اور عوام کی فلاح کے لئے کی جائے۔