بلوچستان میں 50 جنرل نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کل ہونگے
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
کوئٹہ: بلوچستان کے 25 اضلاع کے 50 وارڈز کی جنرل نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کل ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔50 جنرل نشستوں پر 167 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ژوب، لورالائی، قلعہ سیف اللّٰہ، مستونگ اور پنجگور کی 4، 4 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ترجمان کے مطابق کوہلو، کچھی میں 3، 3 جبکہ پشین، شیرانی، ہرنائی، خضدار، سوراب اور لسبیلہ میں 2، 2 جنرل نشستوں کیلئے پولنگ ہوگی۔چاغی، خاران۔واشک، بارکھان، سبی، نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور، قلات، حب، کیچ اور گوادر میں بھی ایک، ایک جنرل نشست پر پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی بلدیاتی انتخاب کےلیے کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 43 ہزار 784 ہے۔پولنگ کیلئے ضروری سامان پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کردیا گیا، ضمنی انتخابات کے حوالے سے 25 اضلاع میں 60 پولنگ اسٹیشن اور 138 پولنگ بوتھ قائم کیےگئے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جنرل نشستوں پر
پڑھیں:
خیبر پختونخوا بار کونسل کے انتخابات میں ملگری وکیلان 13 نشستوں پر کامیاب
پشاور:پشاور میں خیبر پختونخوا بار کونسل کے 28 نشستوں کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق اے این پی سے وابستہ ملگری وکیلان نے برتری حاصل کرتے ہوئے 13 نشستیں اپنے نام کرلی ہیں۔
پشاور، مردان، صوابی، سوات اور کرک سے بھی ملگری وکیلان کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔
پشاور کی سات نشستوں میں سے ملگری وکیلان نے چار، انصاف لائرز فورم نے دو جبکہ ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق ملگری وکیلان کے حضر حیات نے سب سے زیادہ 926 ووٹ حاصل کیے جبکہ فضل واحد نے 893 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
انصاف لائرز فورم کی صوفیہ نورین نے 880 ووٹ اور علی زمان نے 875 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ملگری وکیلان کے رفیق مہمند نے 861 ووٹ حاصل کیے، جبکہ آزاد امیدوار محمد سعید 828 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ ملگری وکیلان کے بابر خان یوسفزئی نے بھی 792 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔
دیگر اضلاع میں بھی ملگری وکیلان نے اپنی برتری برقرار رکھی۔ مردان، صوابی، سوات اور کرک سے ان کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
پیپلز لائر فورم کے سعید حکیم نے بونیر جبکہ حشمت نے ڈیرہ اسماعیل خان سے کامیابی حاصل کی۔ جمعیت لائر فورم کے فواد خان اور وقارالملک نے اپنی اپنی نشستوں پر میدان مار لیا۔ مسلم لائر فورم کے حمایت یافتہ محمد علی خان ایبٹ آباد سے کامیاب ہوئے، جب کہ چترال سے اسلامک لائر فورم کے اکرام حسین کامیاب قرار پائے۔ آزاد امیدواروں میں فدا گل آفریدی اور محمد سعید نمایاں رہے۔
صوبے بھر میں بار کونسل انتخابات کے نتائج کے مطابق اس بار ملگری وکیلان نے واضح برتری حاصل کی ہے جبکہ دیگر فورمز کو محدود کامیابیاں مل سکیں۔