امپائر کی انگلی پر چلنے والا شخص بات چیت پر یقین نہیں رکھتا‘ عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ڈیل کی امید ختم ہونے پر اڈیالہ جیل کے قیدی نے مذاکرات ہی ختم کر دیے ہیں۔ چور دروازے اور امپائر کی انگلی پر چلنے والا شخص بات چیت پر یقین نہیں رکھتا۔ کوچ کی انگلی پر ناچنے والا فراڈیا اسکے پکڑے جانے کے بعد اب سیاسی یتیم ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کا ذکر کیے بغیر آج بھی ان لوگوں کی سیاست مکمل نہیں ہوتی۔ این آر او کا متلاشی پی ٹی آئی کاسرٹیفائیڈ کرپٹ لیڈراور اسکا کرپٹ خاندان ہے، اس میں نوازشریف کا قصور نہیں۔ مریم نواز کو پنجاب کے لوگوں کی خدمت سے فرصت نہیں ہے۔ وہ آئے دن پنجاب کے عوام کے لیے انقلابی منصوبے لا رہی ہیں۔ مذاکرات کا بخار پی ٹی آئی کے لوگوں کو ہی چڑھا تھا جو ڈیل نہ ملنے کی مایوسی کے بعد اتر چکا ہے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کو نواز شریف نے نہیں کہا تھا9 مئی اور26 نومبر کی بغاوتیں کرو۔ بانی پی ٹی آئی کی پوری زندگی بے ساکھیوں کے سہارے گزری ہے اور بے ساکھیوں پر چلنے والا شخص کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو شخص اپنے علاوہ کسی کو اہمیت نہیں دیتا ایسے شخص سے بات چیت کرنا بھی وقت کا ضیاع ہے۔ یہ خود ہی کہتا تھا چوروں، ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کی جگہ جیل میں ہوتی ہے۔ وقت کی ستم ظریفی دیکھیں آج9 مئی کے دہشت گرد اور توشہ خانہ کے چور این آر او مانگنے کے لیے چور دروازے تلاش کر رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
مریم نواز کا اربن فلڈنگ اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے وسائل بروئے کار لانے کا حکم
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اربن فلڈنگ اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے انسانی و مکینل وسائل بروئے کار لانے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ دریاؤں، ڈیموں اور بیراج پر نہانے پر پابندی یقینی بنائی جائے اور دریاؤں، ڈیموں اور بیراج کی ڈرون سے مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بارش اور فلڈ سے آگاہ کرنے کے لیے مساجد اور میڈیا پر اعلانات کیے جائیں۔کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں پر مریم نواز نے لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو نوٹس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی غفلت کی وجہ سے لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھمبوں پر بجلی کے بے ہنگم لٹکتے تار انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واسا کمپلینٹ ہیلپ لائن پر فوری ایکشن کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز نے مون سون کے دوران ہر کنسٹرکشن سائٹ کو باقاعدہ محفوظ بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ انتظامیہ خستہ حال عمارتوں کا جائزہ لے کر رضاکارانہ طور پر خالی کروائے۔