عامر خان کی حیران کن تبدیلی، فلم یا اشتہار؟ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
ممبئی: بالی وڈ کے "مسٹر پرفیکشنسٹ” عامر خان ایک بار پھر اپنی منفرد اداکاری سے سب کو حیران کرنے کے لیے تیار ہیں۔ حالیہ دنوں میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں ایک غار کے دور کے انسان (Caveman) کے روپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں عامر خان کو پروستھیٹکس، نقلی داڑھی اور مخصوص میک اپ کے ساتھ مکمل طور پر بدلا ہوا دیکھا گیا، جب کہ ان کے پرانے اور بوسیدہ کپڑوں نے ان کے اس انداز کو مزید حقیقت کے قریب کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ آیا یہ کسی فلم کا سین ہے یا کسی کمرشل کا حصہ؟ کچھ رپورٹس کے مطابق، یہ صرف ایک اشتہار کے لیے کیا گیا ہے، تاہم عامر خان کے مداح اصل حقیقت جاننے کے منتظر ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں ممبئی کی سڑکوں پر ایک لمبی داڑھی والے شخص کو پھٹے پرانے کپڑوں میں گھومتے دیکھا گیا، جسے لوگ عامر خان سمجھ رہے ہیں۔ یہ منظر دیکھ کر مداحوں نے سوشل میڈیا پر تبصرے اور تجزیے شروع کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان نے "لال سنگھ چڈھا” کی ناکامی کے بعد فلمی دنیا سے وقفہ لے لیا تھا، مگر اب وہ اپنی نئی فلم "ستارے زمین پر” کے ذریعے واپسی کر رہے ہیں۔ یہ فلم 2007 کی سپرہٹ فلم "تارے زمین پر” کا تسلسل قرار دی جا رہی ہے، جس میں ایک اور سماجی مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
عمران خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ استعمال کرنے والے کا نام بتانے سے انکار
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے ایف آئی اے کی ٹیم کو اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ استعمال کرنے والے شخص کا نام بتانے سے صاف انکار کر دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے عمران خان کے ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ سے ریاست مخالف مواد پوسٹ ہونے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایف آئی اے کی تین رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی اور عمران خان سے پوچھ گچھ کی۔
پوچھے گئے سوالات
ایف آئی اے کی ٹیم، جس کی قیادت ایاز خان کر رہے تھے، نے عمران خان سے پوچھا
آپ کا سوشل میڈیا (ایکس/ٹوئٹر) اکاؤنٹ کون چلاتا ہے؟
کہاں سے اسے آپریٹ کیا جاتا ہے؟
کیا آپ نے کسی اور کو اس اکاؤنٹ تک رسائی دی ہے؟
کیا آپ جانتے ہیں کہ وہاں سے جو پوسٹس ہوتی ہیں، وہ ریاست مخالف ہو سکتی ہیں؟
عمران خان کا جواب
عمران خان نے تمام سوالات سننے کے بعد دو ٹوک انداز میں کہا میرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ کون استعمال کرتا ہے، میں نہیں بتاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی سوال پوچھنا ہے تو تحریری طور پر دیا جائے اور جواب وہ اپنے وکلاء کی موجودگی میں دیں گے۔
ایف آئی اے ٹیم کا دورہ
ایف آئی اے سائبر کرائمز کی ٹیم ایک گھنٹے سے زائد اڈیالہ جیل میں موجود رہی، مگر عمران خان کی جانب سے اکاؤنٹ ہینڈلر کے بارے میں کوئی معلومات نہ مل سکیں۔