آزاد کشمیر حکومت کا عوام کے مفت علاج کیلیے صحت کارڈ کے اجرا کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
مظفرآباد:
آزاد کشمیر میں عوام کو مفت طبی سہولیات دینے کیلیے حکومت نے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آزادجموں وکشمیر کابینہ کا وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس کے بعد وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے میڈیا کو بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے عوام کی سہولت کیلیے صحت کارڈ جاری کرنے، ہنرمند نوجوانوں کیلیے قرض اسکیم اور بلدیاتی نمائندوں کیلیے ایک ارب روپے فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ عام آدمی کے علاج کیلیے صحت کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کیلئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء القمر کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل گئی ہے جبکہ کابینہ نےہائر ایجوکیشن کے کنٹریکٹ ملازمین کی پالیسی کی بھی منظوری دیدی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 05 فروری ”یوم یکجہتی کشمیر“ کو منفرد انداز میں منائیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی پرحملے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، بینک آف آزاد جموں و کشمیر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی بھرپور مذمت کی اور تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ سے بھارت کی کسی بھی قسم کی شرانگیزی کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کا فیصلہ
پڑھیں:
وفاقی حکومت کا دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بلوچستان حکومت کی مدد جاری رکھنے کا فیصلہ
کوئٹہ:وفاقی حکومت نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں بلوچستان حکومت کی مدد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں امن عامہ اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی سرکوبی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہداء کے کیلئے دعا کی۔
بعدازاں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فتنہ الہندوستان کے خلاف مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس، آئی جی ایف سی نارتھ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی جی لیویز اجلاس میں شریک ہوئے۔ محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی ایکشن پلان پر عمل درآمد اور اس میں درپیش رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچائیں گے، ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان حکومت کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ جنگ سیکیورٹی فورسز کی نہیں، پوری قوم کی جنگ ہے، دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں،
بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی سے سرگرم ہیں، سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔