کرم امن معاہدے کے فریقین کا جرگہ، معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
KOHAT:
خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم امن معاہدے کے فریقین کا جرگہ منعقد ہوا جہاں فریقین نے امن معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا اعلان کردیا۔
جرگے کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ کوہاٹ میں کرم امن معاہدہ کے فریقین کا جرگہ ختم ہو گیا اور جرگے میں امن معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا اعلان کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دونوں فریقین کی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جرگے کی اگلی بیٹھک کا اعلان مشاورت کے بعد ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ کرم مسٸلہ نفرت کا نتیجہ ہے، ہم نے اسلامی تعلیمات بھلا دی ہیں، ہم سب اپنا نقصان کر رہے ہیں، جرگہ تب کامیاب ہوگا جب ہم نفرتیں ختم کریں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے، انسان کا قتل ناقابل معافی ہے، ہم اپنے بچوں اور عورتوں کو قتل کرتے ہیں، باہر سے کوٸی نہیں آسکتا اور ہم سب ایک دوسرے کے دشمن بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا نفرت پھیلانے میں بڑا کردار ہے، کرم امن معاہدے پر پورے ملک نے سکھ کا سانس لیا لیکن شرپسنوں کو امن منظور نہیں لہٰذا شرپسندوں کو سامنے لانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن معاہدے میں اسلحہ جمع کرانا اور بنکرز مسمار کرنا شامل ہے، حکومت کرم میں مکمل امن چاہتی ہے، حکومت اور عماٸدین کرم دونوں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کرم میں امن ہر صورت قاٸم ہوگا، کرم کے لیے ریلیف پیکیج منظور کر رہے ہیں۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ شرپسند رکاوٹ ڈالیں تو قانون حرکت میں آٸے گا، امن میں سب کا فاٸدہ ہے اور دونوں فریقین امن کی بحالی میں حکومت کا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کا آپشن موجود ہے لیکن آپریشن سے سب متاثر ہوں گے، اسسٹنٹ کمشنر پر فاٸرنگ کرانے والے امن دشمن ہیں اور شرپسندوں کا تعلق جس فریق سے بھی ہو حوالے کرنا ہوگا۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ امن معاہدے پر دونوں فریقین نے دستخط کیے ہیں اور پاسداری سب کی ذمہ داری ہے، حکومت اپنا کام خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہی ہے۔
کوہاٹ میں منعقدہ جرگے سے کرم کے عماٸدین نے بھی خطاب کیا اور معاہدے پرعمل درآمد کی یقینی دہانی کرادی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: امن معاہدے پر نے کہا کہ کا اعلان
پڑھیں:
راولپنڈی میں ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم کا دوسرا دن مکمل
راولپنڈی:راولپنڈی میں ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے دوسرے دن کا عمل مکمل ہوگیا۔ اس مہم کے تحت 9 سے 14 سالہ بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی جارہی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق مہم کا مجموعی ہدف 3 لاکھ 95 ہزار 609 بچیاں مقرر کیا گیا ہے۔ دوسرے دن 49 ہزار 783 بچیوں کو ویکسین دی گئی، تاہم اب تک 12 ہزار 602 بچیاں ویکسین سے محروم رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق روزانہ کا ہدف 65 ہزار 950 بچیوں کا تھا لیکن اس میں صرف 75 فیصد ہدف حاصل ہوسکا۔ والدین کے انکار کے باعث 8 ہزار 402 بچیوں کو ویکسین نہ لگ سکی۔
کارکردگی کے لحاظ سے تحصیل کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں سب سے آگے ہیں جہاں 86 فیصد ہدف پورا ہوا۔ اس کے برعکس ٹیکسلا اور کلر سیداں میں کم ترین کارکردگی سامنے آئی جہاں بالترتیب 61 اور 63 فیصد ہدف ہی حاصل ہوسکا۔
محکمہ صحت راولپنڈی کا کہنا ہے کہ والدین کا انکار اور ویکسین سے متعلق غلط فہمیاں مہم کی کامیابی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ تاہم راولپنڈی سٹی، کینٹ اور رورل میں سب سے زیادہ بچیوں کی ویکسی نیشن کروائی گئی۔