خیبر پختونخوا میں بھتہ خوری کا نیا طوفان
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بھتہ خوری کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ سال 2022 اور 2023 میں بھی یہی صورتحال پیدا ہو گئی تھی، مگر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے منصب سنبھالنے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے سخت کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں بھتہ خوری کے واقعات میں نمایاں کمی آ گئی تھی۔ تاہم اب ایک بار پھر یہ مافیا متحرک ہو چکا ہے اور کاروباری طبقہ شدید خوف و ہراس کا شکار ہے۔
یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ان بھتہ خوروں کو کئی حلقوں سے سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس میں سرحد پار سے دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی، مقامی بدمعاش گروہ، اور بعض ضلعی انتظامیہ و پولیس کے اہلکار شامل ہوتے ہیں، جو ان عناصر کو غیر محسوس طریقے سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
بھتہ خوروں کی سرعام کاروائیوں کے باعث کاروباری طبقہ غیر محفوظ ہو چکا ہے۔ صنعتکار، ڈاکٹر، وکلا، اسکولوں اور ہسپتالوں کے مالکان، فیکٹری اونرز اور رئیل اسٹیٹ کے بڑے کھلاڑی سب سے زیادہ نشانے پر ہیں۔ جو لوگ بھتہ دینے سے انکار کرتے ہیں، انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، ان کے گھروں پر حملے کیے جاتے ہیں، اور بعض صورتوں میں انہیں اغوا بھی کرلیا جاتا ہے۔
ایسی صورتحال میں، کئی سرمایہ کار دبئی اور دیگر ممالک میں اپنا سرمایہ منتقل کر رہے ہیں۔ ایک طرف حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے دعوے کر رہی ہے، مگر دوسری جانب بھتہ خوری جیسے عوامل کی وجہ سے ملکی سرمایہ تیزی سے باہر جا رہا ہے جو معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔پشاور جو صوبے کا کاروباری حب ہے اس وقت خیبر پختونخوا میں بھتہ خوری کے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہے۔ زیادہ تر وارداتوں میں افغانستان کے فون نمبرز استعمال ہو رہے ہیں، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے تانے بانے سرحد پار موجود عناصر سے ملتے ہیں۔ ماضی میں پشاور میں ایک ٹشو پیپر فیکٹری کے مالک سے بھتہ مانگا گیا، مگر انکار پر مسلح افراد نے فیکٹری کو آگ لگا دی جس سے کروڑوں کا نقصان ہوا۔ افغانستان کے ایک بڑے سرمایہ کار گروپ ’’الکوزی‘‘ کے ذمہ داران کو بھتہ نہ دینے پر پشاور سے اغوا کیا جا چکا ہے جو آخری اطلاعات تک ابھی تک اغوا کاروں کی حراست میں ہیں۔ پچھلے دو ماہ میں خیبر پختونخوا میں بھتہ خوری کے 70 سے زائد واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، اور کوہاٹ سر فہرست ہیں۔ بھتہ نہ دینے والوں کے گھروں کے باہر دستی بم دھماکے کیے جارہے ہیں تاکہ خوف و ہراس پھیلایا جا سکے۔بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات نہ صرف مقامی کاروباری برادری کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ پورے صوبے کی معیشت پر بھی منفی اثر ڈال رہے ہیں۔ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو مزید سرمایہ کار خیبر پختونخوا سے نقل مکانی پر مجبور ہو جائیں گے۔ ملک میں پہلے ہی معاشی بحران ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ رہی ہیں۔ ایسے میں بھتہ خوری کی لہر معیشت کو مزید کمزور کر رہی ہے۔س سیکورٹی ادارے اور پولیس اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں مگر یہ ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت مل کر ایک جامع پالیسی تشکیل دیں جس کے تحت بھتہ خوروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔
خیبر پختونخوا کے نئے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کے لیے بھتہ خوری سب سے بڑا چیلنج ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کو کس حد تک قابو میں لا سکتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں پشاور میں ایک اہم کارروائی کے دوران پولیس نے ایک خطرناک بھتہ خور گروہ کے سرغنہ محمد عبداللہ کو گرفتار کیا، جو خود کو کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا رکن ظاہر کرتا ہے۔ یہ ملزم پشاور کی ایک نامی گرامی کاروباری شخصیت ذوالفقار علی سے ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کر رہا تھا۔ بھتہ نہ دینے پر اس نے ذوالفقار علی کے گھر پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں قریب موجود ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کا گھر بھی آیا۔
اس واقعے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور عبداللہ کو گرفتار کر کے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں اس کی ضمانت منسوخ کر دی گئی اور اسے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔بھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر پولیس اور سیکورٹی ادارے بھرپور حکمت عملی کے ساتھ ان عناصر کے خلاف کارروائی کریں تو انہیں جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے۔یہ بھی ضروری ہے کہ مقامی سطح پر موجود بدمعاش گروہوں کے خلاف بھی کریک ڈائون کیا جائے، جو بھتہ خوری کے عالمی نیٹ ورک کا حصہ بن چکے ہیں۔ اگر ان پر ہاتھ نہ ڈالا گیا تو یہ سلسلہ مزید خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔اس کے علاوہ، ان جرائم کے خلاف سخت قوانین بنانا اور ان پر فوری عمل درآمد کرنا بھی ضروری ہے۔ انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت بھتہ خوروں کو سخت سزائیں دی جائیں۔ پولیس اور حساس اداروں کو مشترکہ آپریشنز کر کے ان گروہوں کا قلع قمع کرنا ہوگا۔
پاکستان کو افغان حکومت سے سفارتی سطح پر بھی یہ معاملہ اٹھانا چاہیے تاکہ افغان سرزمین سے بھتہ خوری کے لیے استعمال ہونے والی کالز اور سہولت کاری کو روکا جا سکے۔ جو پولیس افسران اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار بھتہ خوروں کی مدد کر رہے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ جو لوگ نشانے پر ہیں، انہیں پولیس اور رینجرز کی خصوصی سیکیورٹی دی جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنا کام جاری رکھ سکیں۔خیبر پختونخوا میں بھتہ خوری کا دوبارہ عروج پر پہنچ جانا ایک خطرناک صورتحال ہے۔ یہ مسئلہ صرف خیبر پختونخوا تک محدود نہیں کراچی، کوئٹہ اور لاہور میں بھی بھتہ خوری کے چند کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جو ظاہر کرتے ہیں کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ وبا پورے ملک میں پھیل سکتی ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: بھتہ خوری کے بھتہ خوروں رہے ہیں کے لیے رہی ہے
پڑھیں:
سندھ میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچا دی، 46 گرڈ اسٹیشن بند، درجنوں شہر اندھیرے میں ڈوب گئے
سکھر:سندھ کے مختلف اضلاع میں آنے والی شدید آندھی، مٹی کے طوفان اور موسلا دھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
مورو میں طوفانی ہواؤں کے باعث گھروں، دکانوں، ہوٹلوں اور سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر نصب سولر پلیٹیں اور سائن بورڈ اکھڑ کر دور جا گرے جبکہ متعدد مقامات پر درخت اور بجلی کی تاریں بھی زمین بوس ہوگئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مختلف حادثات میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کئی علاقوں میں شہری خوف و ہراس کا شکار رہے جبکہ طوفان کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔
دوسری جانب لاڑکانہ، شکارپور، دادو اور گرد و نواح میں خراب موسمی صورتحال کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔
سیپکو حکام کے مطابق شدید آندھی اور بارش کے نتیجے میں 220 کے وی گرڈ اسٹیشن لوڈرا، شکارپور اور دادو سے آنے والی 132 کے وی مین سپلائی متاثر ہوگئی جس کے باعث لاڑکانہ سرکل کے متعدد فیڈرز بند ہوگئے۔
سیپکو کنٹرول سینٹر کے مطابق طوفانی موسم سے 220 کے وی اور 132 کے وی کی متعدد اہم ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئیں جبکہ کئی مقامات پر ٹاورز، پولز اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے۔
صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 46 گرڈ اسٹیشنز متاثر ہوئے جس سے لاڑکانہ، قمبر، شہدادکوٹ، کشمور، کندھکوٹ، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، مورو اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل یا شدید متاثر ہوگئی۔
سیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر اعجاز احمد چنہ کی ہدایات پر آپریشن، کنسٹرکشن، جی ایس او اور فیلڈ ٹیموں کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک کر دیا گیا ہے۔
انجینئرز اور تکنیکی عملہ متاثرہ علاقوں میں مرمتی کاموں میں مصروف ہے اور خراب ہونے والے پولز، ٹاورز اور ٹرانسمیشن لائنوں کی بحالی کا عمل جاری ہے۔
سیپکو حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ اپنے تمام دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے بجلی کی جلد بحالی کے لیے کام کر رہا ہے تاہم شدید موسمی حالات کے باعث مرمتی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ علاقوں کے صارفین سے صبر و تحمل کی اپیل کرتے ہوئے یقین دلایا گیا ہے کہ بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔