پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں، موٹر ویز اور پروازیں متاثر
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
لاہور: پنجاب کے میدانی علاقے ایک بار پھر شدید دھند کی زد میں آگئے، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے سمندری تک داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید دھند کے باعث دیگر بڑی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر گاڑی آہستہ چلائیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ
دھند کی واپسی کے ساتھ ہی جاتی سردی کو بھی بریک لگ گئی، جس کے باعث لاہور میں ٹھنڈ دوبارہ بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
فضائی سفر بھی متاثر، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار
شدید دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی، جس کے بعد متعدد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں، جبکہ کچھ پروازیں منسوخ بھی کر دی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابو ظہبی، دبئی، جدہ اور دوحہ سے لاہور آنے والی کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی دو پروازیں بھی متاثر ہوئیں، لاہور سے جدہ اور دبئی جانے والی کئی پروازیں بھی بروقت روانہ نہ ہو سکیں۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ یا متعلقہ ایئر لائن سے رابطہ کریں۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل کے باعث
پڑھیں:
سبی میں ریلوے ٹریک دھماکے سے تباہ، بولان ایکسپریس بڑی تباہی سے بچ گئی
کوئٹہ:بولان کے علاقے ڈنگرہ میں بولان میل کو تباہ کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، ٹرین کے گزرتے ہی ریلوے ٹریک دھماکے سے تباہ ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے علاقے ضلع سبی کے علاقے ڈنگرا میں ریلوے ٹریک کو نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔
ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے کوئٹہ آنے والی بولان میل کو ڈیرہ مراد جمالی میں روک دیا گیا، بولان کے علاقے ڈنگرہ میں بولان میل کو اڑانے کی کوشش کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے اس وقت ہوا جب بولان میل گز رہی تھی اور وہ حادثے سے بال بال بچی ہے، دھماکے سے اس کی بوگی نمبر 7 کو جزوی نقصان پہنچا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریلوے کی ٹیم متاثرہ مقام پر روانہ ہو گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے، کلیئرنس کے بعد ہی ٹرینیں روانہ کی جائیں گی۔