ججز کا خط اور عدلیہ کی آزادی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
پاکستان میں اسوقت عدلیہ کی آزادی اور عدلیہ کے معاملات میں ایگزیکٹو کے عمل دخل پر بحث جاری ہے۔ یہ بحث عوام، میڈیا اور سوشل میڈیا سے ہوتی ہوئی اب ججز کے خطوط اور فیصلوں تک جا پہنچی ہے۔ سپریم کورٹ کے سینیئر پیونی جج (senior puisne) جسٹس منصور علی شاہ ہوں یا اسلام آباد ہائیکورٹ کے آدھے درجن کے قریب ججز سب کھل کر عدلیہ کی آزادی اور خودمختاری کے علاوہ آئین کی سربلندی کی یاددہانی کراتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان کو مختلف خطوط لکھ چکے اور چھبیسویں آئینی ترمیم اور ججز کی تعیناتی کے حوالے سے بھی اپنے خدشات اور تحفظات کا اظہار کھلے عام کر چکے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو اس بات پر اعتراض ہے کہ دوسرے ہائیکورٹس سے جج لاکر ان میں سے کسی ایک کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس تعینات نہ کیا جائے کیونکہ یہ آئین کیساتھ فراڈ ہوگا۔ سوال یہ ہے کہ کیا ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی ایک ہائیکورٹ کے جج کو کسی دوسرے ہائیکورٹ میں چیف جسٹس تعینات کیا گیا ہو؟ یا براہ راست کسی کو جج بنا کر اسے سیدھا چیف جسٹس تعینات کیا گیا ہو؟ ہمارے ملک میں ایسا انہونا واقعہ بھی ہوا ہے کہ ایک وزیر خارجہ کو استعفیٰ دلوا کر براہ راست ہائیکورٹ کا چیف جسٹس لگایا گیا۔
سابق ملٹری ڈکٹیٹر جنرل ایوب خان کے دور میں منظور قادر بطور وزیر خارجہ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ جنرل ایوب خان نے وزارت خارجہ سے انکو استعفیٰ دلوا کر چیف جسٹس ویسٹ پاکستان ہائیکورٹ (لاہور ہائیکورٹ) تعینات کردیا۔ منظور قادر صاحب عدلیہ اور وکلا برادری میں انتہائی احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔ اس لیے جب ان کو براہ راست چیف جسٹس تعینات کیا گیا تو ویسٹ پاکستان ہائیکورٹ کے کسی بھی جج نے ان پر اعتراض نہ کیا۔ ویسے بھی ہماری تاریخ ایسی ہے کہ عدلیہ نے ہمیشہ ڈکٹیٹرز کو نظریہ ضرورت کے تحت آئینی کور دیا۔
جیسا کہ عرض کیا ہے کہ ہماری عدلیہ میں بے شمار انہونے واقعات ہوئے ہیں۔ ہائیکورٹس میں براہ راست چیف جسٹس لگانا تو ایک طرف یہاں تو سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج کو ایک ہائیکورٹ کا چیف جسٹس لگا دیا گیا اور وہ بیک وقت دو عہدوں پر فائز رہے۔ لیکن مملکت خداد میں ہمیشہ سہاگن وہی جو پیا من بھائے۔ خود سے آئین کو موم کی ناک کی طرح جس طرف چاہے موڑ دیا جائے لیکن پارلیمنٹ اگر کوئی قانون سازی کرے تو وہ قابل قبول نہیں۔
بہر حال پچھلے دنوں جسٹس ارشاد حسن خان کا میڈیا پر خوب تذکرہ رہا اور آجکل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی طرف سے ججوں کے تبادلے اور کسی دوسرے ہائیکورٹ کے جج کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس لگائے جانے کے خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے تو موقع کی مناسبت سے مجھے ایک واقعہ یاد آگیا اور اس کے ساتھ ساتھ الجہاد ٹرسٹ کیس کا فیصلہ بھی جس میں اس واقعے سے جڑے کچھ حقائق بھی۔
ہوا کچھ یوں کہ لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کا عہدہ خالی ہوا تو ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس عہدے پر روٹین کیمطابق چیف جسٹس کی تعیناتی کی جاتی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ایک فل ٹائم چیف جسٹس کے بجائے نگران (ایکٹنگ) چیف جسٹس لگادیا گیا۔ اس سے بھی ستم ظریفی یہ کہ سپریم کورٹ کے ایک حاضر سروس جج کو نگران چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات کیا گیا۔ جسٹس ارشاد حسن خان جو اس وقت سپریم کورٹ میں بطور جج فرائض سرانجام دے رہے تھے ان کو 1995 میں لاہور ہائیکورٹ کے نگران چیف جسٹس کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا اور 1996 میں اس عہدے پر ایک ریگولر چیف جسٹس تعینات کیا گیا۔
یہ تو بھلا ہو الجہاد ٹرسٹ کیس کا جس کے بعد کچھ رولز سیٹ کردیے گئے کہ اگر اعلیٰ عدلیہ میں جج کی آسامی خالی ہو تو 30 دن کے اندر پُر کیا جانا لازمی ہے اور اگر کسی جج کی دوران سروس وفات ہو جائے یا کوئی مستعفی ہو جائے تو پھر اس آسامی پر 90 دنوں پر تعیناتی کرنا لازمی ہے۔ اگر یہ فیصلہ نہ آتا تو نہ جانے کب تک نگران چیف جسٹسز کا سلسلہ برقرار رہتا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے جو متفقہ طور پر خط چیف جسٹس سپریم کورٹ، سندھ اور لاہور ہائیکورٹس اور صدر مملکت کو لکھا ہے قانونی طور پر جو شخص بھی سروس آف پاکستان میں ہے مشترکہ نمائندگی کر ہی نہیں سکتا۔ گورنمنٹ سروسز کنڈکٹ رولز آف 1964 کیمطابق کوئی بھی شخص جو سروس آف پاکستان میں ہے ایک سے زیادہ لوگوں کیساتھ مل کر کسی معاملے پر اپنے تحفظات، خدشات کا اظہار نہیں کرسکتا۔ البتہ اکیلے اکیلے ان کے اظہار پر کوئی پابندی نہیں۔
سوال یہ بھی ہے کیا ہماری عدلیہ خود کو سروس آف پاکستان کے ماتحت مانتی ہے کہ نہیں؟ ابھی تک اس سوال کے جواب کا بھی تعین نہیں ہوسکا۔ یہ ایک لمبی بحث ہے۔ بہرحال اب تو ججز کے ان خطوط کا جواب بھی دے دیا گیا اور صدر مملکت نے لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹ سے ایک ایک جج کا تبادلہ کرکے ان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں تعینات کردیا ہے اور ججز کا خط غیر مؤثر ہوچکا ہے۔ اب تو جو ہونا تھا ہوچکا ہے لیکن ہمیں بھی اپنی اداؤں پر کچھ غور کرنا چاہیے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسلام ا باد ہائیکورٹ چیف جسٹس تعینات کیا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ کے لاہور ہائیکورٹ ہائیکورٹ کے جج سپریم کورٹ آف پاکستان براہ راست کورٹ میں گیا اور دیا گیا
پڑھیں:
مبینہ جعلی پولیس مقابلوں کیخلاف روزانہ درجنوں درخواستیں آرہی ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ میں کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی جانب سے مبینہ جعلی پولیس مقابلے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار فرحت بی بی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فرحت بی بی کا بیٹا غضنفر حسن پولیس مقابلے میں مارا گیا اور اب وہ اپنے دوسرے بیٹے کے تحفظ کے لیے عدالت سے رجوع کر رہی ہیں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سی سی ڈی کے آنے کے بعد ایک ہی طرز کے پولیس مقابلے ہو رہے ہیں جن پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جعلی پولیس مقابلہ: فیصل آباد پولیس کے 3 اہلکاروں کو سزائے موت کا حکم
چیف جسٹس نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں جذباتی باتیں نہ کریں، یہاں قانون اور شواہد کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں۔ انہوں نے آئی جی پنجاب سے مکالمے میں کہا کہ ایس ایچ او عدالت کو مطمئن نہیں کر سکا، اس لیے آپ کو بلایا گیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پولیس کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کے مطابق ملزم کی ریکوری کے بعد جب اسے لے جایا جا رہا تھا تو گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوا اور ساتھیوں نے حملہ کر دیا۔ اگر واقعی گاڑی پر فائرنگ ہوئی تھی تو گولی سیدھی ملزم کو ہی کیوں لگی؟ گاڑی کو یا کانسٹیبل کو کیوں نقصان نہیں پہنچا؟
یہ بھی پڑھیے: سی سی ڈی کے خوف نے بڑے بڑے غنڈوں کو معافیاں مانگنے پر مجبور کردیا: مریم نواز
چیف جسٹس نے کہا کہ اب جو رپورٹ پیش کی گئی ہے اس سے کیس کے حقائق بالکل مختلف نظر آتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ روزانہ درجنوں درخواستیں عدالت میں آ رہی ہیں، جن میں مبینہ جعلی پولیس مقابلوں کی شکایت کی جاتی ہے۔
چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ سی سی ڈی کے تحت ہونے والے تمام پولیس مقابلوں کا تفصیلی جائزہ لیں اور متعلقہ پولیس افسران کے ساتھ بیٹھ کر پالیسی وضع کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں