صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اراکین اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، وزیر آباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اراکین نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے صوبے میں بہترین طرز حکمرانی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے ترقیاتی دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔
اراکین نے شفافیت اور میرٹ پر مبنی ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے مثبت سیاسی روایت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ اسکیم سے کاشتکاروں کو آڑھتیوں سے نجات ملی، سستی کھاد وافر مقدار میں دستیاب ہے، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید برآں، صحت کے نظام کی بہتری، مفت ادویات کی فراہمی، گھر کی دہلیز پر علاج، ہونہار اسکالر شپ پروگرام اور صاف پنجاب مہم کو بھی سراہا گیا۔ اجتماعی شادیوں کے “دھی رانی پروگرام” کو عوام میں بے حد پذیرائی ملی ہے۔
محمد نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “آپ سب میری طاقت اور عزت ہیں۔ الحمدللہ، عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے اور مریم نواز شریف کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے۔”
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 سے 14 روپے میں دستیاب ہے۔ انہوں نے راولپنڈی رنگ روڈ کو دسمبر تک مکمل کرنے اور راولپنڈی و گوجرانوالہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: مریم نواز نواز شریف وزیر اعلی کہا کہ
پڑھیں:
وزیراعلیٰ پنجاب سے جرمن رکن پارلیمنٹ کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جرمن پارلیمنٹ کی رکن دِریا تُرک نَخباؤر (Derya Türk-Nachbaur) نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، ویمن ایمپاورمنٹ، تعلیم، یوتھ ایکسچینج پروگرام، ماحولیات اور کلین انرجی کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے جرمنی کی جانب سے حالیہ سیلاب کے دوران اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی دل لاہور میں جرمنی کے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے، انہوں نے جرمنی کی فریڈرک ایبرٹ فاؤنڈیشن کی 100 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان میں 35 سالہ خدمات کو سراہا۔
مریم نواز نے کہا کہ فریڈرک ایبرٹ فاؤنڈیشن نے پاکستان اور جرمنی میں جمہوریت، سماجی انصاف اور باہمی مکالمے کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ فلڈ کے دوران اظہار ہمدردی و یکجہتی پاک جرمن دیرینہ دوستی کی عکاسی ہے۔ پاکستان اور جرمنی جمہوریت، برداشت اور پارلیمانی طرزِ حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں جو ترقی و امن کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور جرمن پارلیمان کے تبادلوں سے وفاقی تعاون اور مقامی خود مختاری کے جرمن ماڈل سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ پارلیمانی تعاون عوامی اعتماد اور باہمی تفہیم کا پُل ہے جو پاک جرمن تعلقات کو مضبوط بناتا ہے، جرمنی 1951 سے پاکستان کا قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت دار رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جرمن تعاون نے پنجاب میں ماحولیات، ٹریننگ، توانائی، صحت اور خواتین کے معاشی کردار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیت میں اضافے کے لیے جرمنی کے ڈوال ووکشینل ٹریننگ ماڈل کو اپنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت کا حجم 2024 میں 3.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنا خوش آئند ہے، جرمنی کی رینیو ایبل انرجی، زرعی ٹیکنالوجی، آئی ٹی سروسز اور کلین مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تعلیم حکومت پنجاب کے اصلاحاتی ایجنڈے کا بنیادی ستون ہے، پنجاب حکومت نصاب کی جدت، ڈیجیٹل لرننگ اور عالمی تحقیقی روابط کے فروغ پر کام کر رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جرمن اداروں کے ساتھ مشترکہ فن و ثقافت منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان اور جرمنی امن، ترقی اور انسانی وقار کی مشترکہ اقدار کے حامل ہیں، پارلیمانی روابط، پائیدار ترقی اور تعاون کے ذریعے پاک جرمن دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔