جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں یکجہتی کشمیر کیمپ قائم، کل یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
کراچی:بھارتی تسلط اور ریاستی جبر و تشدد کے شکار اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے 5فروری کو ”یوم ِ یکجہتی کشمیر“ کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں متعدد مقامات پر یکجہتی کشمیر کیمپ قائم کر دیئے گئے۔
5فروری کو جیل چورنگی سے مزار ِ قائد تک مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی زیر قیادت ”یکجہتی کشمیر ریلی“ نکالی جائے گی، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نرسری بس اسٹاپ شاہراہ فیصل پر قائم یکجہتی کیمپ کا دورہ کیا۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ بھارت کے ریاستی جبرو تسلط اور اقوام ِ متحدہ کی ناکامی و دہرے میعار کے باعث مقبوضہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، اہل کشمیر نے راجا ہری سنگھ کے خلاف اعلان بغاوت کیا، اہل کشمیر نے پاکستان کی آزادی سے قبل فیصلہ کیا تھاکہ ہمارا رشتہ کلمہ لاالہ الااللہ کی بنیاد پر بننے والے ملک سے ہوگا۔
انہوں نے مزید کہاکہ کشمیری عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ صرف خطے کا نہیں بلکہ سوا کروڑمسلمانوں کا ہے جن کے دل پاکستان کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیر کے عوام ایک لاکھ سے زائد جانوں کے نذرانے پیش کرچکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو آئین کی شق کے مطابق کشمیر کی اصل روح کو غصب کرکے مقبوضہ کشمیر کوبھارت میں شامل کردیا۔ گزشتہ 5 سال میں کشمیریوں کے لیے کشمیر کو دنیا کی ایک بڑی جیل بنادیا ہے،یہ سب کچھ اقوام متحدہ کی ناک کے نیچے ہورہا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی یکجہتی کشمیر
پڑھیں:
تحریکِ انصاف کا اندرونی انتشار اسٹیبلشمنٹ کی طاقت بن گیا، جماعت اسلامی
لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا اندرونی انتشار اسٹیبلشمنٹ کے لیے طاقت کا ذریعہ بن گیا ہے۔
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ فیڈریشن کو ون یونٹ نظام میں تبدیل کرنے سے باز رہے کیونکہ یہ پاکستان کے وفاقی ڈھانچے کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے تجویز دی کہ قومی جمہوری جماعتیں متناسب نمائندگی کے طرزِ انتخاب پر اتفاق کر لیں تاکہ حقیقی جمہوری اقدار کو فروغ مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرجانبدارانہ انتخاب کا مستقبل 2024کے انتخابات کے فارم 45 میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زراعت اور کسانوں کے ساتھ مجرمانہ لاپروائی فوری طور پر بند کی جائے۔
لیاقت بلوچ نے اعلان کیا کہ 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال فلسطینیوں کے ساتھ فقیدالمثال یکجہتی کا مظہر ہوگی اور 27 اپریل کو مینار پاکستان پر ہونے والا ’’یکجہتی فلسطین جلسہ‘‘تاریخ ساز ثابت ہوگا۔