کراچی میں ٹریفک حادثات نے 5 زندگیاں نگل لیں
اشاعت کی تاریخ: 5th, February 2025 GMT
فوٹو: شعیب احمد
کراچی میں ٹریفک حادثات نے 5 زندگیاں نگل لیں۔ جوہر موڑ پر تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آکر میاں بیوی سمیت 3 شہری جاں بحق ہوئے۔ دوسرا حادثہ ملیر کھوکھرا پار میں ہوا جہاں بےقابو بس نے ماں اور کمسن بیٹے کو کچل دیا۔
دونوں حادثات میں 5 شہری زخمی بھی ہوئے، ریسکیو اداروں کے مطابق کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 68 افراد جاں بحق اور 1040 زخمی ہوچکے ہیں۔
کراچی کا بےلگام ٹریفک شہریوں کی جان کا دشمن بن گیا۔ کہیں ٹریلر، کہیں ٹرک، کہیں ڈمپر تو کہیں بس، روزانہ کسی نہ کسی کو کچل کر ہلاک یا زخمی کر رہے ہیں۔
آج بھی مختلف حادثات میں 5 شہری جان سے گئے۔ پہلا حادثہ گلستان جوہر ملینیم مال کے قریب ہوا جہاں اندھی رفتار سے چلنے والا ڈمپر دو موٹر سائیکلوں پر چڑھ دوڑا، نتیجے میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت مریم، کامران اور فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دوسرا حادثہ ملیر کھوکھرا پار میں پیش آیا جہاں خراب بس کو اسٹارٹ کرنے کیلئے دھکا لگایا جا رہا تھا، بس اسٹارٹ ہوئی تو ڈرائیور نے ایکسیلیٹر پر پورا دباؤ ڈالا ہوا تھا۔ نتیجے میں بس بے قابو ہو کر قریب کی گلی میں گھس گئی۔ یہاں پاس سے گزرنے والا موٹر سائیکل تو بچ گیا مگر گلی میں موجود خاتون اور اس کا کمسن بیٹا بس کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔
ڈمپر حادثے کا ذمے دار ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ بس ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
بارشوں کے باعث 26 جون سے اب تک 252 افراد جاں بحق، این ڈی ایم اے
فوٹو اے پی پیبارشوں سے جانی اور مالی نقصانات کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث 10 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، 3 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، بارشوں کے باعث پنجاب میں 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے خیبر پختونخوا میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے جبکہ گلگت بلتستان میں 2 اموات ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث 26 جون سے اب تک 252 افراد جاں بحق اور 611 زخمی ہوچکے، سب سے زیادہ پنجاب میں 139 افراد جاں بحق اور 477 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے ابتک بارشوں سے خیبر پختونخوا میں 60 افراد جاں بحق، 74 زخمی، سندھ میں 24 افراد جاں بحق، 40 زخمی جبکہ بلوچستان میں اب تک 16 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔
بارشوں سے گلگت بلتستان میں 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے جبکہ آزاد کشمیر میں اب تک 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے۔
بارشوں کے باعث 24 گھنٹوں میں 151 مکانات منہدم ہوئے اور 120 مویشی ہلاک ہوئے۔