پی ٹی آئی حکومت میں آ کر کب کی جا بھی چکی، بانی جیل میں زندگی کے دن کاٹ رہے ہیں لیکن اصل پراجیکٹ اب بھی آگے بڑھ رہا ہے۔ عام تاثر ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا سب سے بڑا گناہ گالی کلچر کو عام کرنا ہے لیکن عمران خان کا سب سے بڑا قصور یہ نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کا آلہ کار بن کر غیر سیاسی قوتوں کو حکومتی امور میں انتہائی نچلی سطح پر ایسی رسائی دینا ہے جس کی واپسی اب ناممکن نظر آتی ہے۔ پراجیکٹ نیا پاکستان کے تحت سب سے پہلے میڈیا میں گند گھولا گیا۔ ٹائوٹوں کو بھاری تنخواہوں پر ماؤتھ پیس بنا کر چینلوں میں اینکروں سمیت اہم پوزیشنوں پر بٹھایا گیا۔ خبر کا تصور ختم کر کے سارا رخ جھوٹے پراپیگنڈے کی جانب موڑ دیا گیا۔ اس دور میں آزادی صحافت کی آڑ لے کر نوے فیصد میڈیا ہاؤسز اتنے سر پھرے ہو گئے کہ جرنیلوں کے سوا ہر کسی پر بے ہودہ الزامات لگا کر تمسخر اڑانے لگے۔ ان کی ڈوریاں طاقت کے اصل مراکز سے ہلتی تھیں اس لیے سول حکمرانوں سمیت سب بے بس تھے۔ صحافت اور صحافیوں کے حوالے سے یہ بہت تکلیف دہ دور تھا۔ اس کے ساتھ ہی ریاستی سرپرستی میں قومی خزانے سے ٹریننگ پانے والے سوشل میڈیا بریگیڈ نے وہ غلاظت بکھیری جس کی مثال نہیں ملتی۔ آج ان میں سے اکثر اپنے ہی تخلیق کاروں کے گلے پڑے ہوئے ہیں تو پیکا جیسے قوانین لا کر ڈیجیٹل دہشت گردی کرنے والوں کے ساتھ پروفیشنل صحافت کرنے والوں کو بھی دھمکایا جا رہا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کے حکومتی ترجمان عمران خان دور کے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تحمکانہ انداز میں کہا تھا کہ اخبارات بند کریں گے، چینلوں کو صرف انٹر ٹینمنٹ (ناچ، گانے، ڈراموں، فلموں) تک محدود کردیا جائے گا۔ فواد چودھری نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ اپنے بچوں کو صحافت کی تعلیم لینے سے روک دیں۔ فواد چودھری حکومت سے نکل گئے، بے عزت بھی ہوئے، پھینٹی بھی کھائی لیکن ذرا آنکھیں کھول کر دیکھیں میڈیا انڈسٹری کا کیا حال ہے؟ سب کچھ بند کرنے کا سفر رُکا نہیں، دعویٰ کیا جاتا ہے کہ اخبارات اور ٹی وی ختم ہو رہے ہیں جب کہ دنیا میں آج بھی ہر بڑی خبر واشنگٹن پوسٹ، گارڈین، فنانشنل ٹائمز، نیویارک ٹائمز، چائنا ڈیلی، گلف نیوز اور دیگر اخبارات ہی شائع کرتے ہیں۔ ہر ملک میں چینلوں کی لمبی قطاریں ہیں، پاکستان میں اب بھی کہا جا رہا ہے کہ سب کو سوشل میڈیا کی طرف جانا ہو گا جہاں چاہت فتح علی خان، رجب بٹ، مفتی قوی، جنت مرزا وغیرہ جیسے نمونے سپر سٹار ہیں جو اخلاقی اور معاشرتی اقدار کا جنازہ نکال رہے ہیں، ڈیجیٹل دہشت گردی کی کمانڈ معید پیرزادوں اور عمران ریاضوں وغیرہ نے سنبھالی ہوئی ہے۔ اگر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا متبادل یہی ہے تو پھر صحافت تو ختم ہو گئی۔ پراجیکٹ پاکستان کے لیے عدلیہ کو بھی لگام ڈالنا تھی جو ثاقب نثار جیسے ججوں کی وجہ سے بڑی حد تک کامیابی سے ہمکنار ہو گئی تھی۔ پھر عمران خان کی حکومت کے تحریک عدم اعتماد سے فراغت کا لمحہ آیا تو فیض نیٹ ورک کے ججوں نے اپنے سرپرستوں کی آشیر باد سے بغاوت کر دی۔ معاملہ اس حد تک بگڑا کہ نو مئی جیسے سنگین ترین واقعہ کو بھی مذاق بنا دیا گیا۔ چیف جسٹس بندیال نے عمران خان کو گڈ ٹو سی کہہ کر پورا ماحول بدل ڈالا۔ اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹوں سے ججوں کے ایسے ایسے ریمارکس سامنے آئے کہ الٹا متاثرہ فریق تماشا بن گیا۔ اہل دانش اور سنجیدہ حلقوں نے بہت کوشش کی کہ عدلیہ کا ایک حصہ اپنی حدود میں رہے تاکہ ملکی نظام اور اداروں کی ساکھ زیادہ متاثر نہ ہو لیکن عمرانی محبت اور نادیدہ قوتوں کی تھپکیوں کے سبب بپھرے ہوئے ججوں نے کان نہیں دھرے۔ پہلے پولیس اور انتظامی افسروں کے خلاف آرڈر پاس کیے پھر فوج اور آئی ایس آئی کے متعلق بھی منفی ریمارکس دینا شروع ہو گئے۔ خرابی اتنا بڑھ چکی تھی کہ فیض حمید کی گرفتاری کے بعد بھی سلسلہ جاری رہا آخر کار 26 ویں آئینی ترمیم لانا ضروری ہو گئی۔ پہلے جسٹس منصور علی شاہ چیف جسٹس آف پاکستان بننے کی ریس سے نکل گئے، پھر جسٹس محسن کیانی اسلام آباد ہائی کورٹ کی سربراہی سے محروم کر دئیے گئے۔ اس عرصے کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جو قانون کی کتاب کے مطابق فیصلے کرنے کی شہرت رکھتے ہیں ڈٹے رہے لیکن سسٹم کو دبنگ اور صاف ستھرا جج گوارا نہیں تھا اس لیے انہیں عمر کی حد کے قانون کا فائدہ دینے سے پہلے ہی رخصت کر دیا گیا۔ اب جب کہ میڈیا اور عدلیہ دونوں کے قلعے سر ہو چکے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کو اپنی پالیسی کا پھر سے جائزہ لینا چاہیے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو معمول کے مطابق چلنے دیں، جھوٹی خبروں کے حوالے سے پہلے ہی جامع قوانین موجود ہیں۔ ان پر مؤثر عمل درآمد کرا کے حقیقی صحافت کو فروغ دیں۔ سوشل میڈیا کی غلاظت پر زیادہ شدت سے ایکشن لینے کے لیے الگ سے نئے قوانین بنانے میں کوئی ہرج نہیں۔ عدلیہ سے نکمے، کرپٹ اور سیاسی جج نکال کر فیصلے آئین و قانون کے مطابق میرٹ پر کرنے دیں، اب جب کہ ایک بار پھر ثابت ہو چکا کہ پاکستان کے معاملات میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار کم نہیں کیا جا سکتا۔ اگر میڈیا اپنی صحافتی اور عدلیہ اپنی آئینی و قانونی حدود میں رہ کر کام کرتے رہیں تو اس سے مقتدرہ کی طاقت کم نہیں ہو گی۔ ملکی نظام زیادہ بہتر انداز میں چلے گا، پاکستان کی ساکھ بہتر ہو گی۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
ایک اور معروف ٹک ٹاکر گھر میں مردہ پائی گئیں؛ 2 افراد گرفتار
سندھ کے شہر گھوٹکی سے تعلق رکھنے والی معروف ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت اپنے گھر میں پُراسرار حالات میں مردہ پائی گئیں۔
سمیرا راجپوت کی اچانک موت کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹک ٹاکر کی لاش کو لوڈر رکشے میں لے جایا جا رہا ہے۔
سمیرا راجپوت ایک ابھرتی ہوئی سوشل میڈیا شخصیت تھیں جنھوں نے اپنی مختصر ویڈیوز اور منفرد انداز سے کافی شہرت حاصل کی تھی۔
ان کی اچانک موت نے نہ صرف ان کے مداحوں کو غمزدہ کر دیا بلکہ ان کے خاندان کی جانب سے سنگین الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
سمیرا کے اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ ان کی موت حادثاتی نہیں بلکہ قتل ہے، جس کے ذمہ دار سمیرا کے سابق شوہر ہیں۔
والدین نے الزام عائد کیا کہ سمیرا کو گھریلو تشدد کا سامنا تھا اور وہ کئی بار اپنی زندگی کے حوالے سے خوف کا اظہار کر چکی تھیں۔
گھوٹکی کے ڈی ایس پی نے کیس سے متعلق میڈیا کو بتایا کہ سمیرا کی 15 سالہ بیٹی کا بیان قلم بند کیا گیا ہے۔
جس میں بیٹی نے بتایا کہ چند افراد ماں سمیرا راجپوت پر زبردستی شادی کا دباؤ ڈال رہے تھے اور انکار پر زہریلی دوا دیکر قتل کردیا۔
تاحال پولیس یا انتظامیہ کی جانب سے موت کی اصل وجہ کے بارے میں حتمی بیان سامنے نہیں آیا تاہم پولیس نے شک کی بنیاد پر دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کے بقول لاش پر تشدد کے شواہد نہیں ملے۔ خون کے نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں تاکہ موت کی وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد سمیرا کو انصاف دلانے کا مطالبہ کر رہی ہے اور اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی اپیل کی جا رہی ہے۔
ادھر شوبز اور آن لائن کمیونٹی کے کئی افراد نے بھی سمیرا کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کے بعد امکان ہے کہ حکام اس واقعے کی تحقیقات کرکے حقائق کو سامنے لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی ٹک ٹاکر کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہو۔ اس سے قبل اسلام آباد میں بھی ایک نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو دوستی نہ کرنے پر قتل کردیا گیا تھا۔