حکومت کو غریبوں سے روزگار چھیننے کا اختیار نہیں،جاوید قصوری
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے نا جائز تجاوزات ختم کرنے کے اقدام پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ انتظامیہ کے خلاف بھی بھر پور کارروائی ہونی چاہئے۔ حکومت اگر غریبوں کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی تو ان سے روزگار چھینے کا بھی کوئی اختیار نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان ہے جو کسی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا جس نے غریب طبقے کو شدید متاثر کرنے کے ساتھ سفید پوش متوسط طبقے کی بھی چیخیں نکلوا دی ہیں اشیائے خورونوش و ضروریہ بھی اب عام شہری کی دسترس سے نکلتی جارہی ہیں جبکہ حکومت زمینی صورتحال سے لاتعلق اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں پر انحصار کر رہی ہے۔ حکمرانوں کو ہوشربا مہنگائی سے غرض ہے نہ ہی شہریوں کو درپیش مسائل سے کوئی سروکار ہے نہیں۔مافیاز نے لوٹ مار کی انتہا کر دی ہے۔ پورا سسٹم ہی کرپٹ ہو چکا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی نا اہلی کی بدولت صوبہ مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ عوام بدحالی کا شکار اورکوئی پرسان حال نہیں ہے۔ امن و امان کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہو چکی ہے۔ دن دیہاڑے چوریاں، ڈاکے اور دیگر جرائم کی وارداتیں ہو رہی ہیں پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ بد قسمتی سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی توجہ صرف نماشائی اقدامات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔عوام کی کسی کو ئی فکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہیں۔25کروڑ عوام پہلے ہی مہنگائی کے ستائے ہوئے ہیں۔ صوبے کے گیارہ کروڑ عوام بے یارو مددگار ہیں، نت نئے ٹیکس لگانے سے جہاں پر ایک طرف کاشتکاروں کے مسائل میں اضافہ ہو چکا ہے وہاں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت ایسے نا اہلوں پر مشتمل ہے جن کی قابلیت محض لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں۔ ان سے نہ ہی ادارے چلائے جا رہے ہیں اور نہ ہی حالات پر کنٹرول ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت کی تمام اسکیمیں محض ڈنگ ٹپاؤ اقدام ہیں ان سے کرپشن کے دروازے تو کھل سکتے ہیں مگر مہنگائی میں کمی واقع ہو گی اور نہ ہی عوام کو کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر ہو گا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پنجاب حکومت آگے دوڑ پیچھے چھوڑ کی پالیسی پر گامزن ہے:مسرت جمشید چیمہ
پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صرف اعلانات کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے ، عوام استفسار کر رہے ہیں حکومت روزانہ اربوں کے منصوبے لگنے کا بتاتی ہے لیکن ان منصوبوں سے کس مخلوق کو فائدہ مل رہا ہے ، پی ٹی آئی میں دڑاڑیں ڈالنے کی کوششیں پہلے کامیاب ہوئیں نہ اب ہوں گی ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین یہ سوچ رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالنے سے پی ٹی آئی ختم ہو جائے گی یا عوام عمران خان کو بھول جائیں گے لیکن سب کچھ اس کے برعکس ہوا ہے ، پی ٹی آئی بھی قائم و دائم ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مقبولیت کا گراف بھی مزید اوپر گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجا ب حکومت آگے دوڑ پیچھے چھوڑ کی پالیسی پر گامزن ہے ، بتایا جائے پنجاب میں پسے ہوئے طبقات کو ریلیف دینے کے لئے کون سا منصوبہ شروع کر کے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں عوام آج بھی علاج اور ادویات کے لئے در بدر ہیں ۔سیاسی مخالفین جو مرضی حربے آزما لیں جب بھی انتخابات ہوں گے عوام پہلے سے بڑھ کر عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے۔