پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے، نواز شریف
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی ہے۔
دوران ملاقات نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں، شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے۔
پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔
سمیع اللہ خان، غزالی سلیم بٹ، محمد ریاض، مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ عمران نزیر، سہیل شوکت بٹ، ملک محمد وحید، خواجہ سلمان رفیق، ملک غلام حبیب اعوان اور چوہدری محمد نواز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ملک اسد علی کھوکھر، ملک شہباز علی کھوکھر، عمران جاوید، رانا راشد منہاس، محمد انس محمود، عرفان شفیع کھوکھر، بلال یاسین، مرغوب احمد، فیصل ایوب ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
دوران اجلاس نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے، اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی ہے اور بھی ڈالے گا، انشاء اللہ۔ اللہ تعالیٰ نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، مسلم لیگ (ن) آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا، 1990 کا سفر جاری رہتا تو پاکستان ترقی کے سفر میں آج کہیں آگے کھڑا ہوتا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہے، پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر 12 فیصد پر آنا معاشی بہتری کی علامت ہے۔
اس موقع پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ آپ کی اور شہباز شریف کی روایات جس شاندار طریقے سے چل رہی ہیں، وہ بے مثال ہے، ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ثقافت کو ترقی ملتی ہے، آپ جب جب آتے ہیں ملک کو ترقی، روشنی، خوشیاں اور رنگ ملتے ہیں۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ نظام کی اصلاح جو مریم نواز نے کی اس کی اور مثال نہیں ملتی، ای ٹینڈرنگ کا شفاف نظام شروع کیا گیا، میرٹ پر یکساں اور معیاری ترقی کا سفر آگے بڑھ رہا ہے، واہگہ ٹورازم کوریڈور کی تعمیر بے مثال ہے، پنجاب کی خوشیاں واپس آ رہی ہیں، ایک سال میں صوبہ پنجاب کا ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہوا ہے، مریم نواز شریف پنجاب کا فخر ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا نام آئے تو عوام کی خدمت کی مثال بننا ہی پڑتا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل سے نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے، ہم سب نواز شریف کے سپاہی ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اللہ تعالی نواز شریف مریم نواز کہا کہ
پڑھیں:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، تعلیمی اداروں میں اصلاحات اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب کی تعلیمی اداروں میں اصلاحات اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں جی سی یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ برطانیہ، کوریا اور قازقستان سمیت متعدد غیر ملکی یونیورسٹیوں نے پنجاب میں کیمپس بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف لندن، یونیورسٹی آف برنل، یونیورسٹی آف گلاسیسٹرشائر اور یونیورسٹی آف لِیسٹر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پیشکش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے پنجاب کی تعلیمی سطح کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔پنجاب کے سرکاری کالجز میں کالج مینجمنٹ کونسل قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اجلاس میں "کے پی آئی" سسٹم کو پنجاب کی یونیورسٹیوں میں نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ تدریسی معیار اور وائس چانسلرز کی کارکردگی کو بہتر طریقے سے جانچا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے انڈر پرفارمنگ کالجز سے متعلق بھی رپورٹ طلب کی اور کہا کہ تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کے لیے ان اداروں پر نظر رکھی جائے۔ مزید برآں، ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ قائم کرنے کی منظوری دی گئی جو تعلیمی اداروں میں اچانک حاضری، صفائی، معیار تعلیم اور دیگر امور کی جانچ کرے گا۔اجلاس میں سی ایم پنجاب ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم کی بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پنجاب کے علاوہ، دوسرے صوبوں کے 19,000 سے زائد طلبہ نے اس اسکیم میں درخواست دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس اسکیم کو مزید فعال بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ہائر ایجوکیشن کا سٹریٹجک پلان 2025-2029 کے حوالے سے بھی اجلاس میں تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں تدریسی معیار، اختراعی تحقیق، تخلیقی علم، اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو ترجیحات میں شامل کیا جائے گا۔پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں گورننس ریفارمز اور ادارہ جاتی خودمختاری لانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ یونیورسٹیوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پہلی مرتبہ ہائر ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد کی اصولی منظوری دی جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے کامرس کالجز کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی تاکہ غیر فعال اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔