پاکستان، سعودی عرب کے وزراء خزانہ کی ملاقات، شراکت داری مزید مستحکم کرنے کا عزم
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللّٰہ الجدعان سے ملاقات کی ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق سینیٹر محمد اورنگزیب پہلی اعلیٰ سطح سالانہ’العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز‘ کے سلسلے میں سعودی عرب میں موجود ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی اور سعودی وزراء خزانہ کے درمیان ملاقات تاریخی شہر العلاء میں کانفرنس کےموقع پر ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں سعودی وزیر مملکت اور رکن کابینہ ڈاکٹر حمد محمد الشیخ اور پاکستان کے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے بھی شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ کےلیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اس دوران فریقین نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے خزانہ نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور مالیات کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی مواقع کی راہ ہموار کرنے کےلیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ دوستانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کے تسلسل کی عکاس تھی، اس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات روشن ہوں گے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: اعلامیے کے مطابق وزارت خزانہ کے
پڑھیں:
عرب اسلامی اجلاس: مسلم ممالک نے قطر کو اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرادی
دوحہ میں ہونے والے عرب اسلامی ہنگامی اجلاس میں مسلم ممالک نے قطر کو اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
ہنگامی عرب اسلامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق مسلم ممالک نے قطر پر اسرائیلی حملے کو خطے میں امن کی کوششوں کے لیے شدید دھچکا قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی برادری دہرا معیار ترک کرکے اسرائیل کو اس کے جرائم پر سزا دے، قطری وزیراعظم
اعلامیے میں اسرائیل کے بزدلانہ اور غیرقانونی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچاتی ہے اور غیرجانبدار ثالث پر حملہ امن کی کوششوں کے لیے خطرہ ہے۔ اعلامیے میں اسرائیل کی جانب سے مزید حملوں کی دھمکیوں کو مسترد بھی کیا گیا۔
اعلامیے میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی کہ قطر نے مہذب اور دانشمندانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے غزہ میں جاری جارحیت روکنے کے لیے ثالث ممالک، مصر اور امریکا کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔
دوحہ میں منعقدہ اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، ایرانی صدر مسعود پزشکیاں اور دیگر عالمی رہنما بھی شریک ہوئے۔
قبل ازیں دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران مسلم ممالک کے رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل نے تمام سرخ خطوط عبور کر دیے ہیں، اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرانا لازم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو کھلی جارحیت اور مجرمانہ اقدامات پر کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی: ترک صدر
اجلاس میں زور دیا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے فلسطین کے مسئلے کا حل ناگزیر ہے اور صہیونی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اسرائیلی حملہ اعلامیہ عرب اسلامی اجلاس قطر وی نیوز یقین دہانی