الخدمت مدارس تفہیم القرآن کے تحت تکمیل قرآن کی تقریب ،انعامات و اسناد تقسیم
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
کراچی(اسٹاف رپورٹر) الخدمت مدارس تفہیم القرآن کے تحت ’’ تکمیل قرآن ‘‘ کی تقریب ہفتے کو ادارہ نور حق میں منعقد ہوئی ،جس میں قرآن پاک ناظرہ اور حفظ کرنے والے طلبہ وطالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں ۔تقریب کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی
راشد قریشی نے کی جبکہ تقریب میں مرکز قرآن و سنہ کے نگراں مفتی عطا الرحمن، صدر جمعیت اتحاد العلما کراچی مولانا عبدالوحید، مولانا محمد قوی الشریم ، قائم مقام ڈائریکٹر تعلیم الخدمت کراچی عنایت اللہ اسماعیل اور شہر بھر سے آنے والے مفتیان عظام وعلما کرام نے شرکت کی۔الخدمت مدارس تفہیم القرآن کے تحت منعقد ہونے والی تقریب میں کاٹھور، میمن گوٹھ ، گلشن حدید، گڈاپ ، کورنگی ،ضلع جنوبی، اورنگی ٹاؤن ، ملیر اور ہاکس بے میں قائم 100 کے قریب مدارس کے سیکڑوں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔پروگرام میں شریک طلبہ و طالبات کی آمین خطیب وامام مسجد کورنگی منصور قریشی نے کرائی۔اس موقع پر تمام طلبہ و طالبات میں شیلڈز تقسیم کی گئی جبکہ طالبات ،خواتین اساتذہ میں اسکارف اورطلبہ میں فلسطینی مفلر تقسیم کیے گئے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام طلبہ و طالبات اور ان کے اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور والدین کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ان کے بچوں نے نہ صرف ناظرہ قرآن پاک پاس کیا بلکہ بہت سے بچوں نے قرآن کریم کو حفظ بھی کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم مدارس کو بھی الخدمت کے دیگر شعبوں کے برابر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور اس کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ راشد قریشی نے کہا کہ اساتذہ کو جدید طریقہ تدریس و اسلوب سے روشناس کرائیں گے۔ الخدمت کراچی مدارس کی تزئین وآرائش ہی نہیں بلکہ اساتذہ کی ذہنی اور علمی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کرے گی ۔اساتذہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے گزشتہ دنوں 5 روزہ ورکشاپ منعقد کرائی گئی جس میں 50 اساتذہ نے شرکت کی ،مجھے بتایا گیا کہ اس سلسلے کو ضلعی سطح تک بڑھا کر دیگر اساتذہ کو بھی ا س میںشریک کرایا جائے گا،اس تربیتی عمل سے ان اساتذہ کی ذہنی و تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عطا الرحمن نے کہا کہ اس تقریب میں شریک طلبہ و طالبات الخدمت کے نہیں اللہ کے مہمان ہیں کیونکہ انہوں نے اللہ کی دی ہوئی کتاب قرآن پاک کو اپنے سینوں میں جذب کیا ہے اور اس کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اتنی شاندار تقریب منعقد ہوئی ہے جس میں شہر بھر سے سیکڑوں طلبہ و طالبات اور ان کے اساتذہ شریک ہیں۔ الخدمت مدارس کی انتظامیہ کو اس بہترین تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔صدر جمعیت اتحاد العلما کراچی مولانا عبدالوحید نے کہا کہ میں شہر میں بہت ساری تقریبات میں شریک ہوتا ہوں مگر الخدمت مدارس کے تحت یہ تقریب دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے نہ صرف ناظرہ مکمل کیا ہے بلکہ حفظ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ الخدمت مدارس نئی نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں۔منیجر مدارس ایم ایچ اکبر اور قائم مقام ڈائریکٹر ایجوکیشن عنایت اللہ اسماعیل نے اس موقع پر الخدمت مدارس کے اہداف بیان کیے اور توقع ظاہر کی کہ مدارس کے اساتذہ ان اہداف کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد تیز کریں گے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: طلبہ و طالبات الخدمت کراچی الخدمت مدارس نے کہا کہ مدارس کے انہوں نے کے لیے کے تحت
پڑھیں:
ایم ڈی کیٹ، کراچی کے طلبہ بازی لے گئے
کراچی(نیوز ڈیسک) آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے ایم ڈی کیٹ 2025 کے ٹیسٹ میں کراچی کے طلبہ سندھ کے تمام اضلاع کے طلبہ پر بازی لے گئے اور پہلی تینوں پوزیشنز کراچی کے نام رہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل 124 امیدواروں میں سے 41 امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے۔ آئی بی اے سکھر کے ایم ڈی کیٹ کے ابتدائ نتائج کے مطابق سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز سے اے ون اور اے گریڈ لانے والے طلبہ کی اکثریت یعنی 56 فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں فیل ہوگئے جب کہ بی ڈی ایس کے 48 فیصد امیدوار ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے۔ نتائج کے مطابق 14300 امیدوار 55 فیصد (99) یا اس سے زائد نمبر لا کر کامیاب ہوسکے جب کہ بی ڈی ایس کے لیے 17123 امیدوار 50 فیصد (90) یا اس سے زائد نمبر لا کر کامیاب ہوئے ۔ اس طرح 56 فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے جب کہ بی ڈی ایس میں 48 فیصد امیدوار ناکام ہوگئے۔ ایم ڈی کیٹ نتائج کے مطابق سید محمود خان ولد عدالت خان کراچی ضلع غربی نے ایم ڈی کیٹ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کیئے انھوں نے 180 میں سے 175 نمبر حاصل کیئے کراچی کورنگی کے فیصل اشرف خان ولد نوید اشرف خان اورضلع قمبر شہداد کوٹ کے شیراز حسین ولد نیاز حسین مغیری 174 نمبر لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ کراچی شرقی کے محمد ریان ہمایوں ولد ہمایوں فاروق، کورنگی کی ماہ نور شاہنواز بنت سید شاہنواز حسین، اور حیدرآباد کی حرا عابد ولد عابد علی سیہتو 173 نمبر لا کر تیسرے نمبر پر رہے۔ 124امیدوار ٹاپ ٹین میں شامل رہے جن میں سے 41امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے۔ آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکڑ آصف شیخ نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے عارضی نتائج کا باقاعدہ اعلان کیا جاچکا ہے اور یکم نومبر 2025کو شام 5:00بجے تک امیدوار وں کو شکایت کے اندراج کا وقت دیا گیا ہے کہ اگر کوئ شکایت ہے تو اس کا اندراج ای میل کے ذریعے کردیں اتوار کو شام 5بجے حتمی نتائج جاری کردیئے جائیں گے۔