کاروباری برادری کے مسائل کاحل اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر ذوالفقار علی
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
اسلام آباد(کامرس ڈیسک ) وزارت تجارت کے پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر برادری پاکستانی معیشت کی اصل محرک ہے اور حکومت درپیش چیلنجز سے ترجیحی بنیادوں پر نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر ہاؤس میں منعقدہ ’’اڑان پاکستان وژن، ایکسپورٹ ریگولیٹری چیلنجز اینڈ کیپیسٹی بلڈنگ فار دی ایکو سسٹم‘‘کے عنوان سے ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران کیا۔ڈاکٹر علی بھٹی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اہم چیلنجوں کے باوجود حکومت کی ثابت قدمی اور وزیراعظم شہباز شریف کی وڑنری قیادت میں تاجر برادری کے تعاون، محنت اور لگن سے ملک مشکل وقت سے نکلنے میں کامیاب ہو ا ہے۔ انہوں نے حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کو ’’اڑان پاکستان وڑن‘‘ کی کامیابی کے لئے متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت کواجاگرکیا جو پاکستان کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے برآمدات، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیداری پر مرکوز ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وزارت تجارت کاروبار کے لئے زیادہ شفاف اور قابل رسائی ماحول پیدا کرنے کے لیے کاروباری رہنماؤں اور کاروباری افراد کی استعداد کار میں اضافے سمیت تمام ضروری اقدامات کو اپنانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے لئے چیمبر کی قیادت اور متعلقہ محکموں بشمول کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام کے درمیان ملاقاتوں کا اہتمام کرنے کا بھی عہد کیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
شک کی بنیاد پر کسی کو ٹیکس فراڈ کیس میں گرفتار نہ کرنے کی سفارش
اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے محض شک کی بنیاد پر کسی شخص کو ٹیکس فراڈ کیس میں گرفتار نہ کرنے کی سفارش کر دی جبکہ وزیر مملکت کے مطابق کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کے لیےکمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا کی زیر صدار سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں بجٹ میں ایناملیز اور ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اسکیم پر غور کیا گیا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ قانون کے غلط استعمال یا شکایات کی صورت میں وزیر خزانہ کو کمیٹی میں طلب کریں گے۔
اجلاس میں ممبر ایف بی آر حامد عتیق سرور نے انکشاف کیا کہ دو سال میں دو ہزار 210 ارب روپے کا ٹیکس فراڈ کرنے کی کوشش ہوئی۔
ایف بی آر ممبر آپریشنز ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے کہا کہ بغیر ثبوت کسی تاجر کو گرفتار نہیں کیا جائے گا بزنس اور تاجر طبقے کے ساتھ مشاورت سے مسئلے کا حل نکالیں گے، قانون کا غلط استعمال کرنے والے افسر کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ ہدف نہیں، کسی کو خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے، قانون کے غلط استعمال یا شکایات کی صورت میں وزیر خزانہ کو کمیٹی میں طلب کریں گے۔
وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے ہارون اختر خان کی زیر صدارت کمیٹی قائم کی گئی ہے اور ٹیکس دہندہ کو نہ ہراساں کیا جائے گا نہ اس کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی بھی ہدایت ہے کہ کاروباری برادری کے مسائل کو حل کیا جائے ان کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، ان کے سارے معاملات دیکھے جا رہے ہیں۔