بلوچستان میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، 4 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
بلوچستان کے ہائی رسک اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم آج سے شروع کر دی گئی ہے۔
بلوچستان کے ہائی رسک اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مہم کا آغاز کوئٹہ، چمن، پشین اور قلعہ عبد اللّٰہ جیسے حساس اضلاع میں کیا گیا ہے، جہاں بچوں کو پولیو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے حکام کے مطابق کوئٹہ بلاک میں شامل ان چار اضلاع کی 78 یونین کونسلز میں 27 فروری تک انسدادِ پولیو کی مہم جاری رہے گی۔
طبی ماہرین کے مطابق بلوچستان کے متعدد اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی ابھی تک برقرار ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
بلوچستان میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر حملہ، 2 شہید
کوئٹہ:بلوچستان میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہل کاروں پر فائرنگ کی گئی، جس میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور لیویز کے اہل کاروں پر اچانک فائرنگ کردی، جس میں 2 اہل کار شہید ہو گئے۔ واقعہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پیش آیا، جہاں لیویز اہل کار پولیو مہم کے دوران بچوں کو ویکسین پلانےوالی ٹیم کی حفاظت کی ڈیوٹی پر تھے۔
لیویز حکام نے بتایا کہ شہید اہل کاروں کی لاشوں اور زخمی کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکابندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیویز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس قسم کے واقعات حکومت پاکستان کے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مایوس نہ ہوں، اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی۔