کسٹمز انفورسمنٹ کی کارروائی: 10 کروڑ سے زائد مالیت کا سامان برآمد
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
کراچی: پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے انسدادِ اسمگلنگ مہم کے تحت صدر کراچی کی معروف اسٹار سٹی موبائل مارکیٹ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فونز، ٹیبلٹس، اسمارٹ واچز، ائیر پوڈز اور دیگر الیکٹرانک اشیا برآمد کر لیں۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق کارروائی کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی اور خفیہ ایجنسی کی مشترکہ کوششوں سے عمل میں آئی، مارکیٹ کے متعدد گوداموں پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے2,500 سے زائد استعمال شدہ موبائل فونز، 350 سے زائد مختلف برانڈز کے ٹیبلٹس، اسمارٹ واچز، ائیر پوڈز، بھارتی گٹکا اور مائع ویپ فلیور برآمد کیے گئے،تمام اسمگل شدہ اشیا قانونی کارروائی کے لیے کسٹم ہاؤس کراچی منتقل کر دی گئیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق مارکیٹ میں بھاری رش کے باوجود انتہائی پیشہ ورانہ اور منظم انداز میں آپریشن مکمل کیا گیا، انسدادِ اسمگلنگ مہم کے تحت مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 3 کروڑ کی منشیات برآمد، خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار
راولپنڈی:ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 97 لاکھ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کرکے خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران الگ الگ کارروائیوں میں خاتون سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرکے 2کروڑ 97لاکھ روپے سے زائد مالیت کی37کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
شاہراہِ فیصل کراچی پر کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل میں کپڑوں میں جذب8 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ اس کے علاوہ شاہراہِ فیصل ہی پر ایک اور کارروائی کے دوران لندن بھیجے جانے والے پارسل سے فیس ماسک میں چھپائی گئی 2.6 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔
کراچی ہی میں کلفٹن کے علاقے میں واٹر کولر میں چھپائی گئی 400 گرام آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اُدھر پنڈی پل بنوں روڈ کوہاٹ پر خاتون کے قبضے سے 6 کلو چرس برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ چوساک ڈسٹرکٹ کیچ میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 20 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
تمام کارروائیوں میں انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔