ڈیلٹا ایئر لائن حادثے میں بچنے والے تمام مسافروں کے لیے بڑی مالی امداد
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
ٹورنٹو: امریکی ایئر لائن ڈیلٹا نے ٹورنٹو ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ہر مسافر کو 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ امداد بغیر کسی شرط کے دی جا رہی ہے اور اس سے مسافروں کے قانونی حقوق متاثر نہیں ہوں گے۔
پیر کے روز ڈیلٹا ایئر لائنز کی ایک پرواز جو منیسوٹا سے ٹورنٹو پہنچی تھی، لینڈنگ کے دوران رن وے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد جہاز میں آگ اور دھواں بھر گیا، تاہم تمام 80 مسافر محفوظ رہے۔
ایئر لائن کے مطابق، 21 مسافر زخمی ہوئے لیکن صرف ایک کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ پیرامیڈکس نے متاثرہ مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کی، جن میں کمر کی موچ، سر کی چوٹ، سر درد اور خوف و ہراس جیسی شکایات سامنے آئیں۔
کینیڈا کی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA)، ڈیلٹا ایئر لائنز اور مٹسوبشی بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
حادثے کے وقت کینیڈا کے مشرقی حصے میں شدید برف باری ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اس واقعے سے کچھ دن قبل امریکہ میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارہ آپس میں ٹکرا گئے تھے، جس میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر سعودی عرب جانے والے 2 مسافر گرفتار
ورک ویزا پر سعودی عرب جانے والے دو افراد ڈرائیونگ لائسنس جعلی ہونے پر گرفتار کرلیے گئے۔
امیگریشن حکام کے مطابق دونوں افراد ڈرائیورز کے ورک ویزوں پر سعودی عرب جا رہے تھے۔
امیگریشن حکام کا بتانا ہے کہ دونوں مسافروں کے ڈرائیونگ لائسنس کلفٹن برانچ سے جاری شدہ ظاہر کیے گئے، جبکہ مسافر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے کبھی ڈرائیونگ لائسنس برانچ نہیں گئے۔
ملزمان نے ڈرائیونگ لائسنس ایجنٹ کے ذریعے 6 سے ساڑھے 7 لاکھ روپے میں حاصل کیے، دونوں مسافروں کو گرفتار کرکے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔