بھارت بنگلادیش میچ؛ دبئی میں خالی اسٹیڈیم دیکھ کر بھارتی شائقین پاکستان کے حق میں بول پڑے
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
کراچی:
چیمپیئنز ٹرافی کے تحت دبئی میں کھیلے گئے بھارت اور بنگلا دیش میچ کے دوران خالی اسٹیڈیم پر بھارتی شائقین نے آئی سی سی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایونٹ مکمل طور پر پاکستان منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
گزشتہ روز، بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان دبئی اسٹیڈیم میں میچ کھیلا گیا لیکن کھیل کے آخر تک 25ہزار کی گنجائش رکھنے والا اسٹیڈیم بھر نہ سکا جس پر سوشل میڈیا صارفین ون ڈے فارمیٹ سے متعلق طرح طرح کی باتیں کرنے لگے۔
مزید پڑھیں؛ چیمپئنز ٹرافی؛ بھارت نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خالی اسٹیڈیم سے معلوم ہوتا ہے کہ لوگ چیمپیئنز ٹرافی کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں۔
ایک صارف نے کہا کہ خالی اسٹیڈیم کی وجہ سے دبئی اور ویسٹ انڈیز میں آئی سی سی ایونٹس منعقد نہیں ہونے چاہیے۔
ایکس پر ایک صارف نے کہا کہ دبئی کا خالی اسٹیڈیم دیکھ کر افسوس ہو رہا ہے، اب بھی وقت ہے کہ ٹورنامنٹ کو مکمل طور پر پاکستان منتقل کر دیا جائے۔
بعض صارفین نے تو ون ڈے فارمیٹ کو بے کار قرار بھی دیا اور کہا کہ رواں ایڈیشن کے بعد اس ٹورنامنٹ کو ختم کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے کی جگہ ٹی20 فارمیٹ اختیار کرنا چاہیے اور اگر ون ڈے کھیلنا ہی ہے تو 40اوورز کا کھیلا جائے۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیل رہا ہے۔ گروپ اے کے دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو شکست دی تھی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا کردار واضح ہے، وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے جو دہشت گردوں کو وسائل مہیا کررہا ہے۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کا کردار واضح ہے جو دہشت گردوں کو وسائل فراہم کررہا ہے، افغان عبوری حکومت دہشت گردی کو روکنے میں بالکل ناکام ہے، افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکے،ہم نے افغانستان کو سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ دہشت گرد گروہوں کو کنٹرول کرے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں صرف عوام قربانیاں نہیں دے رہے بلکہ اس میں ہماری لا اینڈ انفورسمنٹ ایجنسیز شامل ہیں، اس میں ہماری افواج پاکستان کے کڑیل جوان اور افسران شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں اب تک ہمارے 90 ہزار پاکستانی شہید ہوچکے ہیں اس جنگ کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے جو انہیں وسائل بھی مہیا کررہا ہے اور اس میں دیگر فیکٹرز بھی ملوث ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا جغرافیائی اعتبار سے سب سے بڑا صوبہ ہے، بہادر بلوچوں اور پختونوں نے پاکستان کے قیام میں بڑا کردار ادا کیا، ترقی کے دوڑ میں جب تک چاروں صوبے مساویانہ طور پر شریک نہیں ہوں گے پاکستان ترقی نہیں کرسکے گا اور میں یہ بات دل کی اتھاہ گہرائیوں سے قبول کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ بلوچستان کی ترقی میں وفاقی حکومت کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
کوہاٹ میں ایکسائز اہلکاروں پر حملے کی مذمت
دریں اثنا وزیرِاعظم نے کوہاٹ میں ایکسائز اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیرِ اعظم نے واقعے میں سب انسپکٹر سجاد الاسلام اور کسٹم کانسٹیبل جواد کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، شہدا کے اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ اہلکاروں کو ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعہ سزا دلوانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دہشت گردوں کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، شرپسند عناصر کو کسی صورت ملک کا امن تباہ کرنے نہیں دیں گے۔