جادو ٹونے سے حکومت چلانے والوں کا وقت گزر چکا ہے: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جادو ٹونے سے حکومت چلانے والوں کا وقت گزر چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا عوامی خدمات کے ریکارڈ قائم کرنے کا پہلا سال مکمل ہوا ہے، پنجاب حکومت عوام کے توقعات پر پورا اتری ہے، مسلم لیگ (ن) وعدوں کی تکمیل کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ خیالی پلاؤ پکانے والے اور جادو ٹونے سے حکومت چلانے والوں کا وقت گزر چکا ہے، اب نوازشریف کا دور ہے، عوامی خدمت کا دور ہے، مریم نواز نے ایک سال میں وہ تاریخ ساز کام کئے جو پہلے کوئی حکومت نہیں کر سکی، مریم نواز نے پاکستان میں سیاست کے پیمانے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو جو مینڈیٹ دیا اس کے بدلے میں مریم نواز پنجاب کو ترقی یافتہ بنا رہی ہیں، مریم نواز نے گڈ گورننس، میرٹ اور شفافیت کو اپنا موٹو بنایا ہے۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ فتنے، فساد اور انتشار کی سیاست کو دفن کردیا اب صرف کام ہوگا، باقی صوبوں کے ترجمان ہمت کریں اپنے وزراءاعلیٰ کی کارکردگی قوم کے سامنے پیش کریں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مریم نواز
پڑھیں:
وزیر اعلیٰ پنجاب کی انتخابی کامیابی کے خلاف دائر درخواست مسترد
لاہور:الیکشن ٹربیونل لاہور نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی انتخابی کامیابی کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔
پی ٹی آئی کے امیدوار مہر شرافت علی نے درخواست دائر کی تھی جنہوں نے لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 159 سے مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار نے الیکشن ایکٹ 2017 کے رول 144 کی شرائط پوری نہیں کیں، اس لیے درخواست قابلِ سماعت نہیں۔
فیصلے کے مطابق، درخواست گزار کے الیکشن پٹیشن کے ہر صفحے پر دستخط موجود نہیں تھے، جبکہ بیانِ حلفی میں اوتھ کمشنر کی تصدیق والے صفحے پر درخواست گزار کا نام اور والد کا نام درج نہیں تھا۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل بیرسٹر اسداللہ چھٹہ نے قانونی نکات پر دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست ناقابلِ سماعت ہے اور اس میں بنیادی قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بیرسٹر اسداللہ چھٹہ کے دلائل میں وزن ہے، اور یہ کہ درخواست کو باقاعدہ ٹرائل کے لیے پیش نہیں کیا جا سکتا۔
الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پی پی-159 سے کامیابی برقرار رہی۔