چیمپیئنز ٹرافی: پی سی بی کا بارش سے متاثرہ میچوں کے ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بارش سے متاثر ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں کے ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا اعلان کردیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپیئنز ٹرافی کے دو میچز بارش کے باعث بغیر کوئی گیند کروائے ختم ہوگئے تھے۔
اب جن شائقین کرکٹ نے ان میچوں کے ٹکٹ خریدے تھے وہ پی سی بی کی پالیسی کے مطابق مکمل رقم واپس لینے کے لیے اہل ہیں۔
پی سی بی کے پالیسی کے مطابق اگر میچ ٹاس سے پہلے ہی ختم کردیا گیا ہو تو تمام انکلوژرز کے ٹکٹوں کی رقم واپس کردی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اسی طرح ہاسپٹلیٹی باکسز کے ٹکٹ (باکس اور پی سی بی گیلری) کے ٹکٹ ہولڈرز رقم کے اہل نہیں ہوں گے۔
پی سی بی نے اہل ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیر 10 مارچ 2025 سے جمعہ 14 مارچ 2025 کے درمیان کوریئر کمپنی کی منتخب آؤٹ لیٹس پر اپنی رقم کی واپسی کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق خریداری کے ثبوت کے طور پر شائقین کرکٹ کو اصل اور بغیر نقصان زدہ ٹکٹ پیش کرنا ہوگا، تب ہی ان کو رقم واپس مل سکے گی۔
پی سی بی کے مطابق خریدار کو رقم کی واپسی کا دعویٰ کرنے کےلیے ذاتی طور پر کوریئر کمپنی کے آؤٹ لیٹ جانا ہوگا، اس کی طرف سے کوئی اور رقم کی واپسی کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا جنوبی افریقہ اور پاکستان بنگلہ دیش کے درمیان میچز بغیر گیند کرائے ختم ہوگئے تھے۔
چیمپیئنز ٹرافی میں گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ جبکہ گروپ بی سے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، دفاعی چیمپیئن پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: چیمپیئنز ٹرافی کے مطابق پی سی بی کے ٹکٹ
پڑھیں:
قوانین میں کہیں بھی ہاتھ ملانے کی شرط درج نہیں،بھارتی کرکٹ بورڈ
ایشیا کپ 2025 کے گروپ اے کے میچ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے کا معاملہ سنگین صورت اختیار کرگیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل (ACC) نے اس واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی، تاہم میچ کے اختتام پر بھارتی کھلاڑی روایت کے برعکس میدان سے سیدھے ڈریسنگ روم روانہ ہوگئے اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ اس رویے پر پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے شدید برہمی کا اظہار کیا، جس کے بعد یہ تنازعہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اے سی سی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور میچ کی ویڈیوز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں پر جرمانے کا امکان موجود ہے، تاہم حتمی فیصلہ اے سی سی کے باضابطہ اعلامیہ کے بعد سامنے آئے گا۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قوانین میں کہیں بھی ہاتھ ملانے کی شرط درج نہیں، یہ صرف نیک نیتی کا ایک عمل ہے، جس پر کسی ٹیم کو مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ ایک سینیئر بھارتی عہدیدار نے پی ٹی آئی (Press Trust of India)سے گفتگو میں کہا کہ “قوانین کے مطابق کھلاڑی صرف میچ ختم ہونے پر مخالف ٹیم کو مبارکباد دینے کے پابند ہیں، لیکن اس کا مطلب لازمی طور پر ہاتھ ملانا نہیں ہے۔”
رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پورے ایشیا کپ کے دوران پاکستان سے ہاتھ نہ ملانے کی پالیسی پر قائم رہے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں آئندہ اتوار کو دوبارہ مدمقابل ہوں گی، جب کہ فائنل 28 ستمبر کو بھی انہی دونوں کے درمیان ہونے کا قوی امکان ہے۔