آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ: عظمت اللہ عمر زئی نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی جس میں افغانستان کرکٹرز کا راج رہا۔
افغانستان کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر عظمت اللہ عمرزئی نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں زبردست ترقی کرتے ہوئے دنیا کے نمبر ون آل راؤنڈر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
انہوں نے اپنے ہی ہم وطن اور سینئر آل راؤنڈر محمد نبی کو پیچھے چھوڑ دیا جو اب دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: سیمی فائنل میں بھارت سے شکست، آسٹریلوی کپتان کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
عمرزئی کی یہ شاندار پیش قدمی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ممکن ہوئی، جہاں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف پہلی بار پانچ وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کے خلاف نصف سنچری بھی اسکور کی۔
اس کارکردگی کے بعد وہ دو درجے ترقی پا کر 296 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہوگئے۔
مزید پڑھیں: روہت شرما کا بڑا کارنامہ، تاریخ ساز ریکارڈ بنانے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے
بھارت کے اکشر پٹیل نے بھی آل راؤنڈر رینکنگ میں 17 درجے ترقی کر کے 13ویں پوزیشن حاصل کرلی اور 194 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیریئر کی بہترین رینکنگ پر پہنچ گئے۔
عمرزئی نے بیٹنگ رینکنگ میں بھی شاندار ترقی کی، چیمپئنز ٹرافی میں 126 رنز بنانے کے بعد وہ 12 درجے اوپر آکر 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں: ’بھارت کو ناجائز وینیو ایڈوانٹیج‘ گوتم گمبھیر ناقدین پر برس پڑے
افغانستان کے اوپنر ابراہیم زادران نے بھی انگلینڈ کے خلاف لاہور میں 177 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر 13 درجے ترقی پائی اور وہ اب 10 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ چھ درجے ترقی کے بعد 16ویں نمبر پر پہنچے، جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بھی آٹھ درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 29ویں پوزیشن سنبھال لی۔
مزید پڑھیں: افغان بلے باز نے چیمپئنز ٹرافی میں تاریخ رقم کردی
بھارت کے شبھمن گل بدستور ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کے بعد ایک درجہ ترقی پاتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے چیمپئنز ٹرافی میں شاندار بولنگ کے بعد تین درجے ترقی کر کے بولنگ رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دو درجے ترقی پکر دوسرے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ سری لنکا کے اسپنر مہیش تھیکشنا بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔
بھارت کے محمد شامی نے بھی تین درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 11ویں نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن 9 درجے اوپر جا کر 18ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے 13 درجے ترقی کے بعد 19ویں پوزیشن حاصل کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی نمبر پر پہنچ پوزیشن حاصل مزید پڑھیں کے خلاف کے بعد نے بھی
پڑھیں:
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کردیا
کراچی:اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے ہوم اکنامکس اور خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر) گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی طالبہ ارم فیصل بنت فیصل احمد رول نمبر 2045 نے ٹوٹل 1200 نمبرز میں سے 1054 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن، ایمان ہاشمی بنت شجاعت علی رول نمبر 2044 نے 988 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ شانزہ نایاب بنت محمد عامر رول نمبر 2135 نے 980 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی امیدواروں کے امتحانات میں دیوا ہائیر سیکنڈری اسکول کی طالبہ سیدہ فاریہ بنت سید احسن رشید رول نمبر 995539 نے ٹوٹل 1100میں سے 960 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن، دیواہائیر سیکنڈری اسکول کی ہی طالبہ بریرا اسلام بنت شوکت اسلام رانا رول نمبر 995533 نے 925 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ IDA-RIEU اسکول اینڈ کالج فار دی ڈیف کی طالبہ ایمان الشمس بنت شمس الحق رول نمبر 995502 نے 920 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں 198طالبات نے رجسٹریشن حاصل کی، 189 طالبات امتحانات میں شریک ہوئیں جس میں سے 112طالبات کامیاب ہوئیں اس طرح کامیابی کا تناسب 59.26 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 9 طالبات اے ون گریڈ، 24اے گریڈ، 30 بی گریڈ، 31سی گریڈاور 18ڈی گریڈ میں کامیاب قرار پائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولرگروپ) کے امتحانات میں 116 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 114امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 103امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 90.35 فیصد رہا۔
ان امتحانات میں 19 امیدوار اے ون گریڈ، 55اے گریڈ، 27 بی گریڈاور 2امیدوار سی گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔