پنجاب اور کے پی میں آج سے بارش کا امکان، سلسلہ کب تک رہے گا؟
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
پشاور/ لاہور:
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آج سے 16 مارچ تک بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جس کے حوالے سے دونوں صوبوں کی پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی و میدانی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی ہے، آئندہ ہفتے کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ای اے خیبر پختونخوا کے مطابق بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ 9 مارچ سے 16 مارچ تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تمام ضلعی انتظامیہ کو بارش اور برفباری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے مراسلے کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں جبکہ سیاح موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
پنجاب
لاہور سمیت پنجاب بھر میں خوش موسم کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے تاہم صوبے کے متعدد اضلاع میں 12 سے لے کر 16مارچ تک بارش کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی رہے گی لیکن بارش کے امکانات نہیں۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 17ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 27ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کے امکانات ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
محکمہ موسمیات کی ہیٹ ویو ختم ہونےکے بعد گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی
کراچی:شہر میں جاری ہیٹ ویوکے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہا اور محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمی کی شدید لہر مزید ایک روز جاری رہے گی اور اس کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہوں گی تاہم موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں جاری ہیٹ ویوکے سبب گرم وخشک دن ریکارڈ ہوا، اس دوران سمندری ہوائیں غیرفعال رہیں اور ساتھ ہی بلوچستان کی جانب سے گرم اور ریگستانی شمال مغربی ہوائیں چلیں۔
بیان میں کہا کہ شہر کا کم سے کم پارہ گزشتہ روزکے مقابلے میں ایک ڈگری کمی سے24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ کے مقابلے میں 1.7 ڈگری کمی سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق ہیٹ ویو کی صورت حال مزید ایک روز برقراررہ سکتی ہے تاہم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں معمول سے 4تا 6ڈگری اضافے کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا کہ جمعرات کو سمندری ہوائیں بحال ہونےکا امکان ہے، تاہم ہیٹ ویوکے خاتمے کے بعد شہر میں موسم گرم ومرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے، صوبے کے بیشتراضلاع میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ منگل کو دیہی سندھ کے جیکب آباد کا پارہ 43.5 ڈگری، چھور، مٹھی اور لاڑکانہ کا درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔