سرفراز کی انگریزی پر سوال کرنے والے نوجوان کو جویریہ سعود کا کرارا جواب
اشاعت کی تاریخ: 10th, March 2025 GMT
ایکسپریس انٹرینمنٹ کی خصوصی ٹرانسمیشن پیارا رمضان میں قومی ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان کے ہیرو سرفراز احمد نے شرکت کی۔
پروگرام میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک کالر اسد نے بذریعہ ٹیلی فون سرفراز احمد سے اُن کی کمزور انگریزی سے متعلق سوال کیا۔ کالر نے کہا کہ میں نے آپ کے کئی انٹرویوز دیکھیں جن میں آپ انگریزی بولتے وقت گھبرا جاتے تھے۔
اس سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ کیمرے کے آگے ہر شخص پریشر میں آجاتا ہے اور بھول بھی جاتا ہے، ہم لوگ کرکٹ کھیلتے ہیں اور اپنی زبان استعمال کرنے کے عادی ہوتے ہیں تو دوسری زبان میں گفتگو کرتے ہوئے مشکل ہوتی ہے۔
پروگرام کی میزبان جویریہ سعود نے برجستہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم کیونکہ پاکستانی ہے اور میں بھی بہت گھبرا جاتی ہوں، ہماری قومی اور مادری زبان اردو ہے اس لیے انگریزی سے پہلے ہمیں اردو ٹھیک طریقے سے بولنا سیکھنا چاہیے جبکہ ہم تو اردو بھی غلط بولتے ہیں۔
جویریہ سعود نے کہا کہ ’انگریزی بولنا کوئی فخر کی بات نہیں ہے، آپ اسپین، پیرس، اٹلی، چین، جاپان، ترکیہ سمیت کہیں بھی جائیں تو وہاں کے لوگوں کو انگریزی بولنے والے پر غصہ آتا ہے اور وہ اصرار کرتے ہیں کہ ہماری زبان میں بات کرو‘۔
میزبان نے کہا کہ ’ہمیں اپنی چیزوں اور اپنی زبان پر فخر کرنا چاہیے، ہمارا مسئلہ یہی ہے کہ ہم دوسروں کی چال چلتے ہوئے اپنی چال بھی بھول جاتے ہیں‘۔
جویریہ سعود نے سوال کو فضول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ان فضولیات میں پڑھنے سے بہتر ہے کہ اپنے ہیروز کو آگے بڑھانے کیلیے اور زیادہ حوصلہ دیں‘۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جویریہ سعود کہا کہ
پڑھیں:
ذاتی حملے کرنے پر نادیہ خان کا فنکاروں کو سخت جواب، قانونی کارروائی کی دھمکی
پاکستانی اداکارہ اور مارننگ شو کی میزبان نادیہ خان نے ان فنکاروں اور اینکرز کو دو ٹوک پیغام دے دیا ہے جو ان پر ذاتی نوعیت کے تبصرے کر رہے ہیں، اور خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ ایسا ہوا تو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
نادیہ خان نے شوبز میں بطور اداکارہ اپنے سفر کا آغاز کیا، مگر ان کی اصل شناخت مارننگ شوز کے ذریعے بنی، جہاں وہ خواتین کےلیے خصوصی سیگمنٹس کے ساتھ اسکرین پر نظر آتی ہیں۔ ان کا شو نہ صرف عوام بلکہ شوبز شخصیات کی تنقید کا بھی مرکز بنتا رہا ہے، اور حالیہ دنوں میں اس شو کے مختلف حصوں پر اداکاروں کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کھل کر سامنے آیا ہے۔
معروف اداکار فیصل قریشی، ثروت گیلانی، بہروز سبزواری اور یاسر حسین سمیت متعدد فنکار شو پر تنقید کرچکے ہیں، جبکہ حال ہی میں سینئر اداکارہ صبا فیصل نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں نادیہ خان اور دیگر میزبانوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ ان تنقیدوں کے بعد نادیہ خان نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو کے ذریعے واضح پیغام دیا کہ وہ مزید برداشت نہیں کریں گی۔
اپنی ویڈیو میں نادیہ خان نے کہا کہ اگر اب کسی نے ان پر ذاتی حملے کرنے کی کوشش کی تو انہیں عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اخلاقیات کو پیسے اور شہرت کےلیے بیچا جائے تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ نادیہ خان کے مطابق وہ نہ صرف کریمنل ڈیفیمیشن بلکہ سول ڈیفیمیشن اور پیکا قوانین کے تحت بھی کیس دائر کریں گی، جس کے بعد ان افراد کو برسوں تک عدالت کے چکر لگانے پڑیں گے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ان کی آخری وارننگ ہے، اور آئندہ اگر کوئی ذاتی حملہ کیا گیا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے۔ ان کے بقول، اب بہت ہو چکا ہے اور اگر کسی نے ذاتی نوعیت کا تبصرہ کیا تو اسے قانونی سطح پر جواب دینا ہوگا۔
سوشل میڈیا پر اس بیان کے بعد صارفین کی آرا تقسیم ہوگئی ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ نادیہ خان کا یہ اقدام درست ہے اور کسی کو ذاتیات پر حملے کرنے کا حق نہیں، جبکہ کچھ صارفین کا ماننا ہے کہ جو تنقید دوسروں پر کرنے میں نادیہ خان کو کوئی مسئلہ نہیں، وہی تنقید جب ان پر ہوئی تو انہوں نے اعتراض اٹھا دیا۔