آئینی بینچ نے سپرٹیکس کی ہائیکورٹس میں زیر التوا اپیلیں سپریم کورٹ منتقلی کا حکم دیدیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
آئینی بینچ نے سپر ٹیکس کی ہائی کورٹس میں زیر التوا اپیلیں سپریم کورٹ منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی، جس میں وکلا کی جانب سے ہائی کورٹس میں مقدمات زیر التوا ہونے کی نشاندہی کی گئی۔ وکلا نے بتایا کہ لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیلیں زیر التوا ہیں۔
پرائیویٹ کمپنیوں کے وکیل مخدوم علی خان نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے پاس زیرالتوا مقدمات اپنے پاس منتقل کرنے کا آئینی اختیار موجود ہے۔ آئینی ترمیم کے بعد مقدمات کی منتقلی کا اختیار واضح کر دیا گیا ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا مقدمات منتقلی کے لیے کسی تحریری درخواست کی ضرورت ہوگی؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ عدالت کی استدعا بھی زبانی درخواست شمار ہوسکتی ہے۔ میرے خیال میں عدالت سو موٹو اختیار استعمال کرتے ہوئے بھی مقدمات منتقل کر سکتی ہے۔ مقدمات منتقلی کے اختیار کو آرٹیکل 187 کے ساتھ ملا کر دیکھا جائے گا۔
وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ حکومت براہ راست سپر ٹیکس کا نفاذ نہیں کر سکتی۔ کوئی بھی ٹیکس لگانا ہو اس کی وجہ بتانا لازمی ہے۔ سپر ٹیکس کے لیے غیر معمولی حالات ہونے چاہییں۔ سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں اضافی ٹیکس کو غلط قرار دے چکی ہے۔ اضافی ٹیکس عائد کرنا بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہے۔
بعد ازاں آئینی بینچ نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس میں سپر ٹیکس سے متعلق زیر التوا اپیلیں سپریم کورٹ منتقلی کا حکم دیتے ہوئے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سپریم کورٹ زیر التوا سپر ٹیکس
پڑھیں:
پارا چنار حملہ کیس، راستہ دوسرے ملک سے آتا ہے، دشمن پہچانیں: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ ) سپریم کورٹ کی جسٹس مسرت ہلالی نے پارا چنار حملہ کیس میں ریمارکس دیئے ہیں کہ جہاں پارا چنار حملہ ہوا وہ راستہ دوسرے ملک سے آتا ہے، اپنا دشمن پہچانیں۔پارا چنار قافلے پر حملے کے دوران گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت سپریم کورٹ میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس صلاح الدین پنہور پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔دورانِ سماعت سی ٹی ڈی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ واقعے میں 37 افراد جاں بحق ، 88 افراد زخمی ہوئے ہیں، جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ اس واقعہ میں ایک ہی بندے کی شناخت ہوئی ہے کیا ؟ جو حملہ کرنے پہاڑوں سے آئے تھے، ان میں سے کوئی گرفتار نہیں ہوا؟وکیل نے جواب دیا کہ ان میں سے 9 لوگوں کی ضمانت سپریم کورٹ نے خارج کی ہے، جسٹس مسرت ہلالی نے پوچھا کہ اب کیا صورت حال ہے، راستے کھل گئے ہیں ؟ ، جس پر وکیل نے بتایا کہ صبح 9 بجے سے دن 2 بجے تک راستے کھلے رہتے ہیں۔جسٹس مسرت ہلالی نے سی ٹی ڈی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں پارا چنار حملہ ہوا وہ راستہ دوسرے ملک سے آتا ہے، آپ اپنا دشمن پہچانیں، صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کریں۔بعد ازاں عدالت نے ملزم کو وکیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔