وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک لاکھ ہنرمند نوجوانوں کی ٹریننگ کا ہدف دیدیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک لاکھ ہنرمند نوجوانوں کی ٹریننگ اور ملازمت کی جگہ کے تعین کا ٹارگٹ دے دیا۔
مریم نواز نے ہنرمند نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر کاروبار کارڈ اور کاروبار فنانس لون دینے کی بھی ہدایت دی ہے جبکہ ہنرمند افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے کےلیے جامع پلان طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) ڈبل ڈیکر بس کے کرائے میں اضافہ مسترد کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کےلیے اسکلز آن ویل پراجیکٹ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹرانس جینڈر کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام ”پہچان“ شروع کیا جا رہا ہے، 1600 ٹرانس جینڈر کی ٹریننگ کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں شامل کرنے کے لیے ٹریننگ اور جاب مارکیٹ مہیا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنرمند نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر ہی خوشحالی کے راستے پر چلنا ممکن ہوگا، حکومت پنجاب نوجوانوں کی ٹریننگ اور جاب پلیس منٹ کے لیے سپورٹ کرے گی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ہنرمند نوجوانوں مریم نواز نے کی ٹریننگ
پڑھیں:
48 فیصد نوجوانوں نے سوشل میڈیا کو ذہنی صحت کیلئے نقصان دہ قرار دیدیا
ویسے تو کہا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا سے نوجوانوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں مگر خود نوجوان اس بارے میں کیا سوچتے ہیں؟تو ہر 5 میں ایک نوجوان کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا سے اس کی دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔یہ بات پیو ریسرچ سینٹر کی ایک نئی رپورٹ میں سامنے آئی۔
اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بیشتر نوجوانوں کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا ان کی عمر کے افراد کے لیے نقصان دہ ہے۔یہ تحقیق اس وقت سامنے آئی ہے جب کچھ عرصے قبل یو ایس سرجن جنرل نے انتباہ کیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نوجوانوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے اور نوجوانوں میں ذہنی صحت کے مسائل کی شرح بڑھ رہی ہے۔اس تحقیق میں 13 سے 17 سال کے لگ بھگ 1400 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔
تحقیق میں شامل 48 فیصد نوجوانوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ان کی عمر کے افراد پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے، جبکہ 14 فیصد نے کہا کہ اس سے ان کی ذہنی صحت متاثر ہوئی ہے۔لڑکوں (14 فیصد) کے مقابلے میں نوجوان لڑکیوں (25 فیصد) کی جانب سے سوشل میڈیا سے ذہنی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو زیادہ رپورٹ کیا گیا اور انہوں نے بتایا کہ اس سے ان کا اعتماد اور نیند متاثر ہوئی ہے۔
تحقیق میں کہا گیا کہ نوجوانوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اب زیادہ وقت گزارا جا رہا ہے۔45 فیصد نوجوانوں نے بتایا کہ وہ بہت زیادہ وقت سوشل میڈیا پر گزار رہے ہیں۔مگر اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے اہم فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔74 فیصد کے مطابق سوشل میڈیا سے انہیں دوستوں سے زیادہ جڑنے کا احساس ہوتا ہے۔
البتہ نوجوانوں کے مقابلے میں والدین کی جانب سے زیادہ خدشات کا اظہار کیا گیا اور 55 فیصد کا کہنا تھا کہ انہیں موجودہ عہد کے نوجوانوں کی ذہنی صحت کے حوالے سے بہت زیادہ تشویش ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ نوجوانوں کی جانب سے اب سوشل میڈیا کو ذہنی صحت کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔