کراچی : آج موسم گرم رہنے کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم رہے گا۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے دوران درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی؛ کئی علاقوں میں سیلاب و لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ
ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے جس سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ سسٹم 5 جولائی تک برقرار رہے گا، جس کے نتیجے میں آئندہ 2 سے 3 روز تک مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
پنجاب بھر میں مون سون کا سسٹم موجود ہے، تاہم لاہور میں بارش کا امکان کم بتایا گیا ہے۔ شہر میں آج شدید حبس اور ہلکی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بارشوں کے باعث لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبے بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہ منصوبے جلد مکمل نہ ہوئے تو مون سون کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایم ڈی واسا کے مطابق بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے آپریشنل اسٹاف فیلڈ میں موجود رہے گا۔
اُدھر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، مہمند، چترال، خیبر، اورکزئی، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش متوقع ہے۔ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کابل، سوات اور پنجکوڑہ ندیوں میں شدید بارش کے باعث سیلاب آ سکتا ہے جب کہ صوابی، مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
علاوہ ازیں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کی بندش بھی متوقع ہے۔ درجہ حرارت کے لحاظ سے میر کھنی اور پٹن کوہستان میں سب سے زیادہ گرمی 41 ڈگری سینٹی گریڈ، لوئر چترال، دروش، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ، پشاور میں 35 اور تیمرگرہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش رسالپور میں 45 ملی میٹر، کاکول میں 17 ملی میٹر اور تیمرگرہ میں 8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے،تاہم بارکھان، رکھنی، کوہلو، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، سبی، قلعہ عبداللہ، زیارت، بولان، ژوب، قلات، مستونگ اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں 43، زیارت میں 27، ژوب میں 34، سبی میں 44، تربت میں 41، نوکنڈی میں 47 اور چمن میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں بالترتیب 33 اور 32 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔
ملک بھر میں جاری اس موسمی سلسلے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔