نوجوان قوم کی امید، آگے بڑھیں، انقلاب کی نوید بنیں: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ معاشرے میں تبدیلی کی جدوجہد سب سے عظیم کام ہے، نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں، وہ آگے بڑھیں اور انقلاب کی نوید بنیں۔ جماعت اسلامی بنوقابل کے ذریعے آئی ٹی کے شعبہ میں انقلاب برپا کررہی ہے،طلبہ وطالبات تربیت لے کر رضاکارانہ طور پر پروگرام کا حصہ بنیں۔ حکمرانوں نے جان بوجھ کر قوم کو تعلیم سے محروم رکھا، اربوں کا تعلیمی بجٹ کرپشن کی نذر ہوجاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گرینڈ افطار میں 6000 سے زائد یتیم بچوں، ان کی ماؤں اور اولڈ ایج ہومز کے بزرگوں نے شرکت کی۔سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن سید وقاص جعفری، نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، صدر الخدمت لاہور انجینئر احمد حماد رشید، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں بچوں کے لیے جھولے، فیس پینٹنگ، آرٹ کارنر، مہندی سٹال، میجک شو، آرٹ کارنر، ڈی بیٹنگ کارنر، سمیت کئی تفریحی سرگرمیاں منعقد کی گئیں، امیر جماعت نے بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
لبنان: اسرائیلی ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما شہید
بیروت: جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کار پر کیے گئے ایک اور حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں جماعت اسلامی لبنان کے رہنما حسین عطوی کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حسین عطوی لبنان سے اسرائیلی علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں ملوث تھے اور وہ حماس کے ساتھ بھی ہم آہنگی رکھتے تھے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق ایک شخص کفریاچت میں ڈرون حملے میں جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا ہولا کے علاقے میں ایک مکان پر حملے میں جان سے گیا۔
اسرائیلی ڈرونز صبح سے ہی ان علاقوں میں پرواز کرتے رہے، جس کے بعد حملے کیے گئے۔
جماعت اسلامی لبنان نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان کے رہنما حسین عطوی جو کہ تنظیم کے مسلح ونگ "فجر فورسز" کے کمانڈر بھی تھے، اس حملے میں جاں بحق ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ وہ اپنے گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ اسرائیلی ڈرون حملے میں نشانہ بنے۔ گروپ نے اسرائیل کو اس قتل کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
واضح رہے کہ نومبر سے لبنان میں ایک جنگ بندی معاہدہ نافذ ہے جس کی اسرائیل کی جانب سے مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق سرائیل اب تک 2,763 سے زائد خلاف ورزیاں کرچکا ہے جن میں 193 افراد جاں بحق اور 485 زخمی ہو چکے ہیں۔
معاہدے کے تحت اسرائیل کو 26 جنوری تک جنوبی لبنان سے مکمل انخلا کرنا تھا جو تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
اسرائیلی افواج اب بھی پانچ سرحدی چوکیوں پر قابض ہیں جسے لبنان اور دیگر مزاحمتی گروپ اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔