کوئٹہ، عالمی یوم القدس کے موقع پر القدس ریلی برآمد
اشاعت کی تاریخ: 28th, March 2025 GMT
القدس ریلی میں بزرگوں اور بچوں سمیت عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جنہوں نے اسرائیل اور امریکہ کیخلاف نعرے بازی کی اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اسلام ٹائمز۔ عالمی یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین اور مجلس علمائے مکتب اہلبیت کی جانب سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں القدس ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت علماء کرام کر رہے تھے۔ جبکہ بچوں اور بزرگوں سمیت عوام کی بڑی تعداد ریلی میں شریک تھی۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطین کا پرچم لہراتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ امام جمعہ کوئٹہ و مجلس علماء مکتب اہلبیت کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، امام جمعہ علامہ غلام حسنین وجدانی اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فلسطین میں جاری مظالم کا تذکرہ کیا اور بیت المقدس کے لئے قربانی دینے والے شہداء سید حسن نصر اللہ، اسماعیل ھنیہ، ہاشم صفی الدین اور یحیٰ سنوار سمیت دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار وقت کی ضرورت ہے۔ ہمیں مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مذمت کی تاکید کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، حکمرانوں کو عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے فلسطین کی کھل کر حمایت کرنی چاہئے۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
کیچ، چار ماہ قبل اغواء ہونیوالے اسسٹنٹ کمشنر حنیف نورزئی بازیاب
حنیف نورزئی ایران کی سرحد سے متصل ضلع کیچ کی تحصیل تمپ میں اسسٹنٹ کمشنر تعینات تھے۔ چار مہینے قبل چار جون کو کیچ سے کوئٹہ کی طرف سفر کرتے ہوئے انہیں کالعدم تنظیم نے اغواء کیا تھا۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع کیچ سے چار ماہ قبل اغواء ہونے وا؛ے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی بازیاب ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے مقامی میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ حنیف نورزئی کو کیچ کی تحصیل تمپ میں اغوا کاروں نے چھوڑا جہاں سے انہیں تربت لایا گیا اور پھر خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا- بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے حنیف نورزئی ایران کی سرحد سے متصل ضلع کیچ کی تحصیل تمپ میں اسسٹنٹ کمشنر تعینات تھے۔ چار مہینے قبل چار جون کو کیچ سے کوئٹہ کی طرف سفر کرتے ہوئے انہیں کالعدم تنظیم نے اغواء کیا تھا۔ بعد ازاں اغواء کاروں نے اسسٹنٹ کمشنر کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔ حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کی بازیابی سے متعلق کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے، نہ ہی اس معاملے کی پیش رفت سے متعلق حکومتی ترجمان نے کوئی بریفنگ دی ہے۔