اسرائیل کی سلامتی فرانس کی ترجیح ہے، امانوئل میکرون
اشاعت کی تاریخ: 30th, March 2025 GMT
نتین یاہو سے اپنی ایک ٹیلیفونک گفتگو میں فرانسوی صدر کا کہنا تھا کہ ہم غزہ کی بحالی کے عرب منصوبے اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے سیاسی افق پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ فرانس کے صدر "امانوئل میکرون" نے ابھی کچھ دیر قبل صیہونی وزیراعظم "نتین یاہو" کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اس ٹیلی فونک گفتگو کی تفصیلات بتاتے ہوئے فرانسوی صدر نے کہا کہ میں نے نتین یاہو کو اس بات کا یقین دلایا کہ حماس کی قید میں تمام صیہونیوں کی آزادی اور اسرائیل کی سلامتی، فرانس کی ترجیح ہے۔ انہوں نے صیہونی وزیراعظم سے غزہ میں جنگ بندی کے دوبارہ اجراء اور اس پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی بحالی کے عرب منصوبے اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لئے سیاسی افق پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی جبری نقل مکانی یا مغربی کنارے کا اسرائیل میں الحاق دو ریاستی حل کی نفی ہے۔ امانوئل میکرون نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کریں۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کی مکمل خودمختاری کو بحال کرنے کے لیے جنگ بندی کی نگرانی کے طریقہ کار کو مضبوط کیا جانا چاہیے۔ فرانسوی صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کو استحکام کی ضرورت ہے اور سب کے مستقبل کی ضمانت مستقل اور جامع امن کے علاوہ ممکن نہیں۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
آمنہ بلوچ نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں سے سفارتی برادری کو آگاہ کردیا
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے وفاقی دارالحکومت میں قائم مشن کے سربراہان اور سفارت کاروں کے ایک گروپ کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا، انہوں نے پاکستان کے خلاف بھارتی غلط معلومات کی مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے وفاقی دارالحکومت میں قائم مشن کے سربراہان اور سفارت کاروں کے ایک گروپ کو پہلگام حملے کے بعد ابھرتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق آمنہ بلوچ نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا، انہوں نے پاکستان کے خلاف بھارتی غلط معلومات کی مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے۔ سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کشیدگی بڑھانے کی بھارتی کوششوں کے خلاف بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔