آئین توڑنے والوں کو پھانسی ہونی چاہئے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
پشتین میں پشتونخوامیپ کے زیراہتمام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ انصاف کے قاتل جسٹس منیر کی باقیات وہ ججز، ظالم، قاتل اور ڈاکو جنہوں نے مارشل لاز کو قانونی جواز فراہم کیا، آئین پاکستان کو توڑنے کی سزا، سزائے موت ہے، اگر یہ سزا اس وقت کے آئین شکن جرنیلوں کو دی جاتی تو ملک دولخت نہ ہوتا۔ اسلام ٹائمز۔ پشین بلوچستان میں پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام جلسے سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین توڑنے والوں کو پھانسی ہونی چاہئے، انصاف کے قاتل جسٹس منیر کی باقیات وہ ججز، ظالم، قاتل اور ڈاکو جنہوں نے مارشل لاز کو قانونی جواز فراہم کیا، آئین پاکستان کو توڑنے کی سزا، سزائے موت ہے، اگر یہ سزا اس وقت کے آئین شکن جرنیلوں کو دی جاتی تو ملک دولخت نہ ہوتا، آئین پاکستان ہی وہ دستاویز ہے جس نے پورے پاکستان کی اکائیوں کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے، جس میں عوام کے حقوق درج ہیں، لیکن جو بھی آتا ہے وہ آئین کو ہی پامال کرتا ہے، انیس سو ستر میں ہونے والے صاف شفاف انتخابات میں عوامی رائے کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا ایک سال بعد ملک ٹوٹ گیا، اس وقت جو اقتدار کے رسیا جرنیل اور ناعاقبت اندیش سیاستدان ملک توڑنے کے ذمہ دار تھے انکی کارستانیاں حمود الرحمن کمیشن رپورٹ میں پڑھ سکتے ہیں، اب بھی ملک میں وہی تاریخ دوہرائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رنگ بلوچ ہماری قوم کی بیٹی ہے اور کوئی بھی غیرت مند معاشرہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ ایسا سلوک برداشت نہیں کرتا، اسلام آباد میں بلوچ بیٹیوں کے ساتھ جو ظلم ہوا، ہم نے اس وقت بھی اس کی مذمت کی، دھرنے میں جا کر ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور ان کے سروں پر چادر رکھی، ہم آپ کے درد کو محسوس کرتے ہیں، کیونکہ اس وقت پورے پاکستان کے عوام ظلم کا شکار ہیں، اب وقت آ چکا ہے کہ وطن عزیز کی بقا کے لیے ہم سب مظلوم ایک ہو جائیں اور ان وطن دشمنوں کا مقابلہ کریں، بلوچستان کی ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں پورے پاکستان کے لیے ایک مثال ہیں، ہمیں اپنے حقوق کے لیے گھروں سے نکلنا ہوگا، ورنہ یہ ظالم باقی ماندہ پاکستان کو بھی برباد کر دیں گے، ہمیں اپنے ملک کو بچانا ہے اور ان ظالموں کو روکنا ہے اور اے ظالمو! سن لو، جب کسی تحریک میں خواتین شامل ہو جائیں، تو اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ ہمیں متحد رہنا ہے، کیونکہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور اس کے عوام کا اس پر سب سے زیادہ حق ہے، ان شاء اللہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان ان ظالموں کو روکے گی اور وطن عزیز کو امن و انصاف کا گہوارہ بنائے گی۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
مشہد مقدس، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر تقوی کا ایم ڈبلیو ایم کے دفتر کا دورہ
مولانا ناظر حسین تقوی نے کہا کہ ہمیں اپنے مشترکہ اہداف کے لئے باہم اکٹھا چلنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں شیعہ کاز کو آگے بڑھانے، خصوصا امام زمانہ (عج)کے عالمی انقلاب کے لئے زمینہ ہموار کرنے کے لئے اپنی توانائیوں کو بروئے کار لا سکیں۔ اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سید ناظر حسین تقوی جو ان دنوں ایران کے دورے پر ہیں اُنہوں نے مشہد مقدس میں واقع دفتر مجلس وحدت مسلمین کا اپنے وفد کے ہمراہ دورہ کیا۔ مجلس وحدت مسلمین مشہد مقدس کے مسئول حجة الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے مہمانوں کا استقبال کیا اور اُنہیں خوش آمدید کہا۔ مہمان وفد میں دفتر قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے مسئول حجة الاسلام مولانا سید نجم الحسن جعفری، سینئر راہنما حجة الاسلام مولانا ڈاکٹر عقیل حیدر زیدی اور سابقہ مسوول حجة الاسلام مولانا سید موسی رضا نقوی بھی شامل تھے۔ پاکستان کی دونوں شیعہ ملی تنظیموں کے اہنماوں کے درمیان نہایت محبت آمیز صمیمی نشست میں مشترکات پر دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ مولانا ناظر حسین تقوی نے کہا کہ ہمیں اپنے مشترکہ اہداف کے لئے باہم اکٹھا چلنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں شیعہ کاز کو آگے بڑھانے، خصوصا امام زمانہ (عج)کے عالمی انقلاب کے لئے زمینہ ہموار کرنے کے لئے اپنی توانائیوں کو بروئے کار لا سکیں۔ مولانا ناظر عباس تقوی نے قائد ملت جعفریہ آیت اللہ السید ساجد علی نقوی اور ناصر ملت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی توفیقات میں اضافہ کی دعا کروائی۔