نعرے نہیں، عملی اقدامات کر رہے، وزیراعظم نے بجلی سستی کرنیکا وعدہ پورا کر دکھایا: عطا تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جب ملک سنبھالا تو بہت سے چیلنجز درپیش تھے۔ ہم نے ریاستی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے سیاسی نقصان کو بالائے طاق رکھا۔ وزیراعظم نے بجلی سستی کرنے کا وعدہ پورا کر دکھایا، عوام کو ریلیف کے لئے نعروں کی بجائے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ اتوار کو یہاں حلقہ این اے 127 لاہور میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں وزیراعظم نے ملک کی خدمت کا بیڑا اٹھایا کہ اس ملک کی خدمت کرنی ہے اور مشکل حالات میں ہمت نہیں ہارنی، عوام کے حقوق کے لئے وزیراعظم نے شبانہ روز محنت کی، جب لوگ ناامیدی کو اپنا شعار بنا چکے تھے وہ تب بھی کہتے تھا کہ امید ہے محنت کریں گے، جان لڑائیں گے اس پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی میدان میں کارکردگی کی تعریف کر رہے ہیں، مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی ہے، سٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے، بجلی بھی سستی ہوئی ہے اور تمام اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ پاکستان اڑان بھر چکا ہے۔ اڑان پاکستان کے تحت وطن عزیز معاشی ترقی کی بلندیوں کو چھوئے گا۔ صنعتی صارفین کے لئے بھی 7 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کی گئی ہے، سستی بجلی سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایکسپورٹس میں اضافہ ہوگا، ہماری صنعتیں بڑھیں گی تو نوکریاں ملیں گی، شرح سود بھی نیچے جاچکی ہیں۔ ہم نے الیکشن میں وعدہ کیا تھا کہ مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ میں لے کر آئیں گے، 2024ء میں ہی وہ سنگل ڈیجٹ پر آگئی اور آج کم ترین سطح پر ہے۔ آج عوام تک ریلیف پہنچ چکا ہے۔ جنرل عاصم منیر کا بھی اس میں بھرپور کردار ہے۔ آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج کا قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام میں بھی اہم کردار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں آئیں گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وفاقی وزیر
پڑھیں:
چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کا دورہ چین، پاکستان اور چین کا سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ سیف سٹی منصوبے اس بڑھتی ہوئی استعداد کی بہترین مثال ہیں اور پورے ملک میں عالمی معیار کے مطابق سیف سٹی منصوبے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ چین ہمارا دوست ملک ہے اور چین کے ساتھ بھائی چارے پر مبنی ہمارے تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کا انتہائی اہم مشترکہ منصوبہ ہے جو اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس میں دونوں ممالک کے مابین بزنس ٹو بزنس طرز پر معاملات طے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس تناظر میں پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں چینی برادری کے لیے ایک محفوظ اور کاروبار دوست ماحول تعمیر کر رہے ہیں۔ پاکستانی معیشت میں چینی کمپنیوں کا اعتماد ہمارے معاشی مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے اور ہوائی اڈوں پر چینی باشندوں کی آمد و رفت کو سہولت دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پورے ملک میں چینی باشندوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو پورے ملک میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر چینی باشندوں کی خصوصی سیکیورٹی کے انتظامات نافذ العمل ہیں اور وفاق و تمام صوبے اس ضمن میں بھرپور تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ پورے ملک میں سیف سٹی منصوبے زیر تعمیر ہیں اور چینی باشندوں کو سفر کے لیے سیکیورٹی ایسکورٹ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تمام نئے رہائشی منصوبوں میں سیف سٹی کے معیار کے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چین خطے کی سیکیورٹی صورت حال میں استحکام کا ضامن ہے، جنرل ساحر شمشاد مرزا
اجلاس میں وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews چینی باشندے سیف سٹی سیکیورٹی اقدامات شہباز شریف وزیر داخلہ وزیراعظم پاکستان وی نیوز