چند عناصر کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، عطا تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 13th, April 2025 GMT
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چند عناصر کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، وہ تکلیف میں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں اچھا کام ہوتا ہے چند عناصر بےبنیاد پروپیگنڈا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہماری شان اور سر کا تاج ہیں، اُڑان پاکستان منصوبے کے تحت پاکستان مزید ترقی کرے گا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانی کنونشن ہو رہا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کی خدمات کو سراہنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، وہ ہر سال اربوں ڈالر کی ترسیلات زر بھجواتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہے، یہ کنونشن اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک و قوم کے لیے شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری کا ساز گار ماحول ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
ریاست کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا، پیغام پاکستان اقلیتوں کے تحفظ کا ضامن ہے ،عطاء تارڑ
اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نےکہا ہےکہ پیغام پاکستان” ملک کی نظریاتی سرحدوں کے دفاع کا نام ہے اور اس نے پورے ملک میں یہ واضح پیغام دیا ہے کہ ریاست پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کا جہاد ممکن نہیں۔
قومی پیغام امن کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اجلاس کے دوران کمیٹی کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پیغام پاکستان میں علما کرام کے متفقہ فتوے موجود ہیں جنہوں نے ریاست کے خلاف مسلح کارروائی کو غیر شرعی قرار دیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے زور دیا کہ پیغام پاکستان نہ صرف دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ ہے بلکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا بھی علمبردار ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان 27 ویں رمضان المبارک کی بابرکت شب کو وجود میں آیا، اور آج کے دور میں دو قومی نظریے کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں غیر مسلم کمیونٹی کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے عزم ظاہر کیا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کے پیغام کو ملک کے ہر کونے تک پہنچایا جائے گا تاکہ امن، برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب، رنگ یا نسل نہیں ہوتا اور ان کے سہولت کار بھی دہشت گردی کے مجرم ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اور ریاست ملک کے دفاع اور سالمیت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔