عمران خان کی نااہلی پر احتجاج؛ ملزمان کیخلاف فرد جرم کی کارروائی پھر موخر
اشاعت کی تاریخ: 15th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد کے مقام پر احتجاج کے کیس میں ملزمان کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر ہوگئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم عامر محمود کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان کی جانب سے وکیل سردار مصروف خان اور زاہد بشیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔
فیصل جاوید خان کی جانب سے دائر حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی گئی۔
جج نے ملزم عامر کیانی سے استفسار کیا کہ دو دفعہ آپ کے خلاف اشتہاری ہونے کی کارروائی شروع ہوتی ہے تو آپ آ جاتے ہیں، اس پر آپ کیا کہیں گے؟ آج میں آپ کو حوالات بھیجوں گا اس کے علاؤہ کوئی حل نہیں۔
عدالت نے عامر کیانی کی ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض عبوری ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی جبکہ غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جج نے ریمارکس دیے کہ اگلی سماعت پر ملزمان میں سے جو نہیں ہوگا اس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔
عدالت نے کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔
فیصل جاوید خان، واثق قیوم و دیگر مقدمے میں نامزد ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی کارروائی کے خلاف
پڑھیں:
مصطفی عامر قتل کیس؛ مرکزی ملزم ارمغان منی لانڈرنگ کیس میں جیل روانہ
کراچی:انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کو منی لانڈرنگ کے مقدمے میں جیل بھیج دیا۔
سینٹرل جیل کراچی میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو مصطفی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں ایف آئی اے نے ملزم کو عدالت میں پیش کردیا۔
تفتیشی افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد نے بتایا کہ ہم مقدمے کا عبوری چالان لے کر آئے ہیں۔ ہمیں مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ اس موقع پر ایف آئی اے نے عبوری چالان جمع کرادیا جب کہ تفتیشی افسر نے کہا کہ حتمی چالان جلد جمع کرا دیا جائے گا۔
بعد ازاں عدالت نے ملزم کو عداتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے سے متعلق ایف آئی اے سائبر کرائم نے ارمغان کی ایک اور نئے مقدمے میں ریمانڈ کی این اوسی حاصل کرلی۔ ایف آئی اے افسر کے مطابق متعلقہ عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کریں گے۔