پاکستان اور روس کے وفود کا بین الاقوامی سلامتی ،علاقائی و عالمی استحکام پرتبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اپریل ۔2025 )پاکستان اور روس کے وفود کے مابین بین الاقوامی سلامتی ،علاقائی و عالمی استحکام پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مشاورتی گروپ کا 16واں اجلاس آئندہ سال ماسکو میں منعقد کیا جائے گا ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان مشاورتی گروپ برائے تذویراتی استحکام کا پندرھواں دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے بین الاقوامی سلامتی، علاقائی و عالمی استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاپاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ طاہر اندرابی نے کی جبکہ روسی وفد کی سربراہی نائب وزیر امور خارجہ ایس اے رائبکوف نے کی.
(جاری ہے)
مشاورتی اجلاس کے دوران آرمز کنٹرول، تخفیف اسلحہ، اورعدم پھیلاﺅ سے متعلق معاملات زیر غور آئے دونوں فریقین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی کے ایجنڈے، کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ اور کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں پر پابندی کے کنونشنز پر بھی مشاورت کی اس کے علاوہ خلائی سلامتی، بین الاقوامی انفارمیشن سیکیورٹی، اور ابھرتی ہوئی نئی ٹیکنالوجیز پر گفتگو کی گئی، جبکہ عسکری مقاصد کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے پہلوﺅں پر بھی غور کیا گیا. دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے اہم بین الاقوامی امور پر وسیع البنیاد اتفاق رائے پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو طرفہ و عالمی پلیٹ فارمز پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ مشاورتی گروپ کا 16واں اجلاس آئندہ سال ماسکو میں منعقد کیا جائے گا.
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے بین الاقوامی
پڑھیں:
وزیراعظم سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات،علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، مشرق وسطیٰ سمیت علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس سال کے اواخر میں برطانیہ کی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقات کے منتظر ہیں۔
انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے) کی پروازوں کی بحالی کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس مثبت پیش رفت سے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات دور کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے درمیان تبادلے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں برطانوی ہائی کمشنر کے مثبت کردار کو سراہا۔
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں ہونے والے تجارتی مذاکرات دونوں فریقین کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی برطانیہ کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے، جس کی اس وقت پاکستان کے پاس صدارت ہے۔
ملاقات میں جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاک-بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ لندن کے بارے میں بتایا جہاں انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے حوالے سے وسیع مشاورت کی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں حکومت کی معاشی کارکردگی کو سراہا اور وزیراعظم کے ساتھ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی علاقائی پیش رفت پر برطانیہ کے نکتہ نظر کے حوالے سے گفتگو کی۔