کراچی؛ پانی کی ٹینکی کے اوپر سویا شخص نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے قتل
اشاعت کی تاریخ: 20th, April 2025 GMT
کراچی:
شاہ لطیف ٹاؤن جام کنڈو چوک کلہاڑی چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے جام کنڈو چوک کلہاڑی چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 35 سالہ گل زیب ولد قادر بخش کے نام سے کی گئی۔
شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے ہیڈ محررسلیم نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ نماز فجر کے بعد پیش آیا، مقتول جام کنڈو چوک کلہاڑی چوک کے قریب بنی پانی کی ٹینکی کے اوپر سو رہا تھا کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے اسے فائرنگ کرکے قتل کر دیا، مقتول کو ایک گولی سر پر ماری گئی جس کے باعث موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
مقتول نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: لیاری گینگ وار کے 3 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، پولیس اہلکار بھی زخمی
کراچی:سی آئی اے کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے بلدیہ اور مرزا آدم خان روڈ پر دو الگ الگ مقابلوں میں لیاری گینگ وار کے اہم کارندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایس ایس پی ایس آئی یو کے مطابق، کارروائی بلدیہ ٹاؤن گلشن مزدور کے علاقے میں کی گئی، جہاں پولیس کا ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے کے دوران دو ملزمان وزیر اور اظہر زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، جبکہ ان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار نعیم بھی زخمی ہوا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول، موٹر سائیکل، چار لاکھ روپے نقدی اور 60 لاکھ روپے مالیت کی تنزانیہ نامی منشیات برآمد کی گئی۔ دونوں ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کمانڈر کاشف ڈاڈا اور وسیع اللہ لاکھوں گروہ سے ہے، جو پاک کالونی اور پرانا گولی مار میں منشیات اور بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
اس سے قبل مرزا آدم خان روڈ کے قریب پر بھی لیاری گینگ وار کے گینگسٹرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جہاں پولیس کا بھتہ خور گروہ سے مقابلہ ہوا۔ مقابلے کے دوران شکیل عرف بادشاہ گروہ کا اہم کارندہ ابو حریرہ زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔ زخمی ملزم ابو حریرہ سے پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان ایس آئی یو پولیس کے مطابق، ابو حریرہ شکیل بادشاہ کے لیے بھتہ وصولی کرتا تھا۔ شکیل بیرونِ ملک بیٹھ کر لیاری گینگ وار کا گروہ چلا رہا ہے۔ گینگسٹر شکیل نے دودھ کے بیوپاری سے 30 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا، بھتہ نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی گئی۔
اس واقعے کا مقدمہ تھانہ کلری میں درج کیا گیا تھا ۔ تینوں زخمیوں کو طبی امداد اور قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس آئی یو کی جانب سے لیاری گینگ کمانڈر شکیل عرف بادشاہ کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔