پاکستانی چمپئن باکسر محمد وسیم کا بلوچستان میں عالمی باکسنگ ایونٹ کرانے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 30th, April 2025 GMT
مانچسٹر: پاکستان کے معروف باکسر محمد وسیم نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے خوشخبری سنا دی۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی کوئٹہ میں عالمی سطح کا باکسنگ ایونٹ منعقد کیا جائے گا، جس میں دنیا بھر سے نامور باکسر شریک ہوں گے۔
محمد وسیم نے کہا کہ اس باکسنگ میلے میں اہم قومی و بین الاقوامی شخصیات کی شرکت متوقع ہے، جو پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے وہ پاک فوج اور بلوچستان حکومت کے تعاون سے کام کر رہے ہیں۔
وسیم نے اعلان کیا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ کے تعاون سے پاکستان بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جس کے ذریعے ابھرتے ہوئے باکسرز کو تلاش کیا جائے گا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے باکسرز کو برطانیہ میں تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
محمد وسیم اس وقت 10 مئی کو ہونے والی اپنی اگلی فائیٹ کی تیاری کے لئے برطانیہ میں موجود ہیں
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان کی اسرا وسیم جوجٹسو ایتھلیٹس کمیشن کی رکن منتخب
پاکستان کی اسرا وسیم جوجٹسو ایتھلیٹس کمیشن کی رکن منتخب ہوگئیں۔
جے جے آئی ایف ایتھلیٹ کمیشن عالمی سطح پر جوجِٹسو ایتھلیٹس کے مفادات کی نمائندگی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
کمیشن کے دو منتخب اراکین کو جے جے آئی ایف بورڈ کے ووٹنگ ممبران کے طور پر مکمل حقِ رائے دہی حاصل ہے، جس سے ایتھلیٹس کی آواز کو براہِ راست پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جاتا ہے۔
منتخب اراکین کا تعلق پاکستان، یوکرین، آسٹریا، ایران، امریکا اور میکسیکو سے ہے۔
ان انتخابات میں وہ تمام بین الاقوامی جوجِٹسو ایتھلیٹس شرکت کے اہل تھے، جنہوں نے گزشتہ چار برسوں میں جے جے آئی ایف سے منظور شدہ مقابلوں میں حصہ لیا۔
ووٹنگ گزشتہ روز تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں منعقد ہوئی۔
انتخابات کے بعد ایتھلیٹ کمیشن کے اجلاس میں اسرا وسیم (پاکستان) اور ڈمیٹرو ٹرون (یوکرین) کو سادہ اکثریت سے ایتھلیٹ کمیشن کے نمائندہ اسپیکرز کے طور پر منتخب کیا گیا۔
یہ انتخاب جے جے آئی ایف کی قیادت اور رکن ممالک کے ایتھلیٹس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
جوجٹسو فیڈریشن حکام کے مطابق یہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے کہ بین الاقوامی فورم پر ہماری ایتھلیٹ پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔