راولپنڈی میں تیز آندھی کے ساتھ بارش، عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
راولپنڈی میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا،عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، میٹرو بسیں روک دی گئیں۔
راولپنڈی اور جڑواں شہراسلام آباد میں کالی گھٹائوں سے دن میں اندھیرا چھا گیا، مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔
طوفان بادوباراں اس قدر شدید تھا کہ انتظامیہ کو جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بند کرنا پڑی جبکہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
راولپنڈی میں گردوغبار کے طوفان کے ساتھ ہی بجلی غائب ہوگئی ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
شہری ژالہ باری کے خوف سے محفوظ پناہ گاہوں کے متلاشی رہے، گرج چمک آندھی اور بارش کے ساتھ ہی مری روڈ پر ٹریفک کم ہوگئی ۔
راولپنڈی اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کا زور ٹوٹنے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا،شہری تفریح کے لیے باہرنکل آئے۔
خان پور میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ،ٹیکسلا خان پور روڈ پر بھاری درخت اور بجلی کے پول گرنے سے دونوں اطراف ٹریفک جام ہوگئی ،مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی۔
ترجمان واسا کے مطابق راولپنڈی ہائی الرٹ ہے ، رین ایمرجنسی نافذ اور عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہے اور کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سے نپٹنے کیلئےتیارہیں۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ترجمان واسا کے مطابق سیدپور کے مقام 8 ملی میٹر ، گولڑہ 7 ، شمس آباد پر 8 ، شمس آباد 6، کچہری اور چکلالہ 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے مطابق کے ساتھ ا ندھی
پڑھیں:
خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کی لہر جاری؛ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان
پشاور:خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ کچھ اضلاع اور بالائی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کا سامنا رہے گا جب کہ بالائی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔
پشاور سمیت صوبے کے دیگر شہر کرم، اورکزئی اور مہمند کے کچھ مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔
شہر پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں ہوا کی نمی کا تناسب 22 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صوبے کے دیگر اہم علاقوں میں بھی شدید گرمی متوقع ہے۔
اُدھر کالام میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جب کہ سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈی آئی خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں چترال میں 33، تیمرگرہ میں 39، میرکھنی میں 35، بنوں میں 44، بالاکوٹ میں 38 اور تخت بائی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گرمی کی شدت سے بچا جا سکے۔