اوکاڑہ میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، ساتھی فرار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, May 2025 GMT
اوکاڑہ کے علاقے تھانہ حجرہ شاہ مقیم میں ہونے والے پولیس مقابلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت محمد یار ولد محمد اشرف سکنہ اڈا صالحوال کے نام سے ہوئی ہے، جو قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اور راہزنی سمیت 23 سنگین جرائم میں ملوث تھا۔
ترجمان اوکاڑہ پولیس کے مطابق محمد یار ایک بین الاضلاعی جرائم پیشہ فرد تھا، جس کا لاہور، اوکاڑہ اور دیگر اضلاع کے تھانوں میں سنگین مقدمات کا ریکارڈ موجود ہے۔ پانچ روز قبل اسی ملزم نے پولیس اہلکار مرید کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب تین مسلح ڈاکو حجرہ شہر سے اسلحہ کے زور پر ایک موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ ایس ایچ او تھانہ حجرہ شاہ مقیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔ پاکستانی پل کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق، مقابلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دو ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے اور علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری رہیں گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں پولیس پر حملوں میں ایک ہی گروپ کے ملوث ہونے کا شبہ
اسکرین گریبکراچی میں پولیس پر حملوں میں ایک ہی گروپ ملوث ہونے کا شبہ ہے، 6 مختلف حملوں میں استعمال گولیوں کے خول میچ کرگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں دہشت گردوں نے ایک ہی ہتھیار استعمال کیا، یہ تمام واقعات ڈھائی سے تین ماہ کے دوران پولیس پرحملوں کے دوران پیش آئے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابانِ بخاری پر پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، واقعے کی جگہ سے گولیوں کے 11خول برآمد ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی تحقیقات جاری ہیں، مائی کلاچی روڈ پر ٹریفک پولیس چوکی میں اہلکار پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منگھوپیر میں اہلکار فائرنگ سے جاں بحق ہوا، بن قاسم کے علاقے میں اہلکار فائرنگ سے جاں بحق ہوا تھا، شاہ لطیف ٹاؤن میں ہیڈ کانسٹیبل فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔
قیوم آباد میں چوکی پر فائرنگ سے اہلکار زخمی اور شہری جاں بحق ہوا تھا، ڈیفنس فیز ٹو میں فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔