’’اپنی عزت نفس کا خیال رکھیں‘‘، عروہ حسین کی تنقید کا نشانہ کون؟
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں جہاں دونوں ممالک کے تعلقات مزید پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر بھی اس کا اثر نمایاں طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حال ہی میں، اداکارہ عروہ حسین نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے عزت نفس اور قومی وقار کے حوالے سے بات کی۔
اگرچہ عروہ حسین نے اپنی پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا، لیکن ان کے الفاظ سے یہ تاثر ملا کہ ان کا اشارہ اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب ہے، جن کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھارت میں بلاک ہونے کے بعد وہ بھارتی مداحوں کا شکریہ ادا کر رہی تھیں۔
عروہ حسین نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’پروپیگنڈا ایک ایسا ہتھیار ہے جو جنگوں میں استعمال ہوتا ہے، اور بدقسمتی سے ہم اسے دہائیوں سے بھگت رہے ہیں۔ جب جنگ ہوتی ہے تو آپ کو اپنی عزت نفس کا خیال رکھنا چاہیے اور اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا ’’اپنے گھر کا سب سے پہلے خیال رکھنا زیادہ ضروری ہے۔‘‘ ان کا یہ پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، اور صارفین نے فوراً ہانیہ عامر کا نام لے کر کہا کہ یہ پیغام انہی کےلیے ہے۔
یاد رہے کہ ہانیہ عامر نے بھارتی مداحوں کی جانب سے وی پی این کے ذریعے ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ ایک بھارتی مداح نے لکھا، ’’ہیلو ہانیہ، وی پی این کا سبسکرپشن لیا صرف تمہارے لیے، لَو فرام انڈیا‘‘، جس کے جواب میں ہانیہ نے لکھا، ’’لَو یو‘‘۔ ایک اور مداح نے لکھا، ’’ہم آپ کی پوسٹس مریخ سے بھی دیکھ لیں گے‘‘، جس پر ہانیہ نے جواب دیا، ’’صدقے‘‘۔
تاہم، بھارت میں انسٹاگرام کی بندش کے بعد ہانیہ عامر کی پوسٹس پر لائیکس اور کمنٹس کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ جہاں پہلے ان کی پوسٹس پر لاکھوں لائیکس آتے تھے، اب وہ چند ہزار تک محدود ہو گئے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ہانیہ عامر بلکہ دیگر پاکستانی فنکاروں کی مقبولیت پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔
یہ تمام صورتحال اس وقت سامنے آئی جب بھارت نے پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرنا شروع کیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔ اس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا اکاؤنٹ بھی بھارت میں بند کردیا گیا۔ ان اقدامات پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
عروہ حسین کے ہانیہ عامر پر اس بالواسطہ طنز نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں ایک طرف قومی وقار اور عزت نفس کی بات کی جا رہی ہے، وہیں دوسری طرف فنکاروں کی عالمی مقبولیت اور مداحوں سے تعلقات کو بھی زیر بحث لایا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سوشل میڈیا ہانیہ عامر عروہ حسین
پڑھیں:
مریم نواز شریف کا بارڈر ملٹری پولیس میں شامل باہمت بیٹیوں کو خراج تحسین
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارڈر ملٹری پولیس میں شمولیت اختیار کرنے والی باہمت بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔(جاری ہے)
ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے لکھا ہے کہ ڈی جی خان اور راجن پور کی بارڈر ملٹری پولیس میں 53باہمت خواتین نے شمولیت اختیار کرکے تاریخ رقم کردی۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ جہاں کبھی خواتین کا نام لینا بھی محال تھا آج حوصلہ مند خواتین جرات اور وقار کے ساتھ وہاں قدم رکھ چکی ہیں۔مریم نواز شریف نے مزید لکھا کہ خوشی ہے کہ وردی پوش قابل فخربیٹیاں محافظ کے فرائض سر انجام دیں گی ، سلام ہے ان بیٹیوں کو جو فرسودہ روایات کی زنجیریں توڑ کر آگے بڑھ رہی ہیں۔