بھارتی جارحیت کے دوران حکومت پنجاب نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کردیں
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
پنجاب حکومت نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے پیش نظر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات (ایس او پیز) جاری کر دیں، یہ رہنما اصول نہ صرف عوام کو کسی بھی ہنگامی حالت کے لیے تیار رہنے میں مدد فراہم کریں گے بلکہ امن و امان برقرار رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اقدامات میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے گھروں میں ایک محفوظ، بغیر کھڑکیوں والا کمرہ، جیسے تہہ خانہ یا اندرونی کمرہ، ہنگامی صورتحال کے لیے مختص کریں۔
مزید برآں، ایک مکمل ہنگامی کٹ تیار رکھنا ضروری قرار دیا گیا ہے جس میں ابتدائی طبی امداد، ضروری ادویات، بوتل بند پانی، خراب نہ ہونے والی خوراک، ٹارچ، اضافی بیٹریاں اور پورٹیبل چارجرز شامل ہوں۔
سرکاری وارننگ یا الارم کی صورت میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام لائٹس بند کر دیں تاکہ باہر سے ان کا پتہ نہ چل سکے۔
افراد کو پُرسکون انداز میں اپنے گھروں کے اندر محفوظ جگہ پر منتقل ہونے، دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے اور گیس کے کنیکشن بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نیچے جانے کے لیے صرف سیڑھیوں کے استعمال پر زور دیا گیا ہے، جبکہ لفٹ کے استعمال سے مکمل گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
اگر انخلا کو لازمی قرار دیا جائے تو شہریوں کو فوری طور پر سرکاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عمارت چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ساتھ ہی، ہنگامی کٹ، شناختی کارڈز، انشورنس اور دیگر ضروری دستاویزات اپنے ساتھ لے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بجلی، گیس اور پانی کے کنکشن بند کر کے صرف سیڑھیوں سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شہریوں کو گھبراہٹ سے گریز کرنے اور پُرسکون رویہ اپنانے کی تلقین کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، سرکاری اعلانات اور الرٹس سے باخبر رہنے اور اپنے ہمسایوں، بزرگوں اور مدد کے محتاج افراد کی مدد کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
حکومت پنجاب نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پنجاب حکومت کا سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو جولائی کی ادائیگیاں قبل از وقت کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت (Punjab Government)نے یکم اور 2 اگست کو ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیلات کے پیش نظر صوبے کے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو جولائی کی تنخواہیں، الاؤنسز اور پنشن مقررہ تاریخ سے قبل ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق تمام سرکاری ملازمین کو جولائی کی تنخواہیں اور واجب الاؤنسز 31 جولائی کو ادا کیے جائیں گے، جبکہ صوبے کے تمام پنشنرز کو بھی اسی روز جولائی کی پنشن جاری کر دی جائے گی۔
محکمہ خزانہ نے بتایا کہ اس سلسلے میں گورنر پنجاب (Governor of Punjab) نے 31 جولائی کو تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کی منظوری دے دی ہے تاکہ تعطیلات کے باعث ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
مزیدپڑھیں:دفتری نظم و ضبط کی پابندی کی ہدایت ،نیاسرکلرجاری
فیصلے پر عملدرآمد کے لیے محکمہ خزانہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب (Accountant General Punjab)، تمام ضلعی ٹریژری دفاتر اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس کے ساتھ متعلقہ بینکوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 جولائی کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کریں۔
حکام کے مطابق یکم اور 2 اگست کو ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے اور انہیں مالی معاملات میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔