میں ایکس پر ہوں ہی نہیں، حبا بخاری کا جعلی ایکس اکاؤنٹ پر ردعمل
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
اداکارہ حبا بخاری نے جعلی ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے ذریعے پھیلائی گئی غلط معلومات کی تردید کر دی۔
پاکستان شوبز کی اداکارہ حبا بخاری نے ایک جعلی ایکس اکاؤنٹ (سابقہ ٹوئٹر) کی جانب سے ان سے منسوب کیے گئے متنازع بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ ان کا ٹوئٹر پر کوئی آفیشل اکاؤنٹ موجود نہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک اکاؤنٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق ایک بیان حبا بخاری کے نام سے شیئر کیا، جس کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔
https://www.instagram.com/p/DJZxOx8uIXX/
حبا بخاری نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ ٹوئٹر پر سرے سے موجود ہی نہیں ہیں اور ان کے نام سے بنایا گیا اکاؤنٹ جعلی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ ایسے جعلی اکاؤنٹس کو فوری طور پر رپورٹ کریں تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ کسی بھی سماجی یا سیاسی معاملے پر ان کے نام سے کیے جانے والے بیانات کو سنجیدگی سے نہ لیا جائے، جب تک کہ وہ خود اپنے آفیشل پلیٹ فارمز پر کوئی بات نہ کریں۔ حبا بخاری کی اس وضاحت کے بعد مداحوں میں غلط فہمی دور ہو گئی ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شاہ رخ خان نے اپنی 60 ویں سالگرہ پر مداحوں سے معافی کیوں مانگی؟
بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ایک انتہائی جذباتی پیغام کے ذریعے اپنے لاکھوں مداحوں سے معذرت کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ وہ سیکیورٹی حکام کی ہدایات کی وجہ سے ان سے ذاتی طور پر ملاقات نہیں کرسکے۔
شاہ رخ خان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’مجھے حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ میں باہر آ کر آپ تمام پیارے لوگوں سے نہیں مل سکوں گا جو میرا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مداحوں کی محبت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سب کی حفاظت کے پیش نظر اٹھایا گیا تھا۔
اداکار نے اپنے مخصوص انداز میں لکھا ’’میں آپ سب سے معذرت خواہ ہوں لیکن یہ اقدام سب کی حفاظت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ مجھے سمجھنے کےلیے آپ کا شکریہ، یقین کریں آپ سب سے ملاقات نہ ہو پانے کا دکھ مجھے آپ سے زیادہ ہے۔‘‘
انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا ’’میں آپ سب کو دیکھنے کا منتظر تھا کیونکہ میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں۔‘‘ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے ممبئی کے رہائشی مکان ’منت ہاؤس‘ کے باہر ہزاروں مداحوں کا ہجوم جمع تھا، جو روایتی طور پر اداکار کے بالکونی میں ظاہر ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔
تاہم سیکیورٹی مسائل کے پیش نظر شاہ رخ خان اس بار اپنے مداحوں کو براہ راست نظر نہ آ سکے، جس پر انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ ان کی اس معذرت نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو بھی موہ لیا ہے، جو ان کی اس حساسیت اور ذمے داری کے قائل ہیں۔