جنگی تناؤ میں کمی کے بعد پی ایس ایل کے بقیہ میچز پاکستان میں ہونے کی راہ ہموار
اشاعت کی تاریخ: 11th, May 2025 GMT
لاہور:
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی تناؤ کے بعد امن کی فضا کے قیام سے کھیلوں کے میدان میں بھی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے بقیہ میچز کی بحالی کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی جارحیت کے سبب پی ایس ایل کے فائنل سمیت 8 اہم میچز کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔ تاہم، حالیہ جنگ بندی اور امن کی صورتحال کے بعد، پی سی بی نے لیگ کی بحالی کی کوششوں کو تیز کر لیا ہے۔
پی سی بی نے اس سلسلے میں ٹیم مالکان سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی اور ٹیم مالکان کے درمیان ایک اہم اجلاس جلد متوقع ہے، جس میں لاجسٹک مسائل، سیکیورٹی کے معاملات اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت جیسے اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔
ممکنہ طور پر بقیہ میچز راولپنڈی اور لاہور میں دوبارہ شیڈول کیے جا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدہ صورتحال، پی ایس ایل دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ اس سے قبل پاک بھارت کشیدگی میں اضافے کے بعد پی ایس ایل کے بقیہ میچز دبئی منتقل کیے گئے تھے جس کیلیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی اکثریت اس وقت متحدہ عرب امارات میں موجود ہے۔
اگر تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پاتے ہیں، تو وہ جلد پاکستان پہنچ کر پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں شرکت کریں گے۔
اس سے نہ صرف لیگ کے دوبارہ آغاز کی راہ ہموار ہو گی، بلکہ کرکٹ کے مداحوں کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا خوشگوار موقع ملے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مالکان کی مشترکہ کوششوں سے امید کی جا رہی ہے کہ پی ایس ایل 2025 کے میچز دوبارہ اپنے شیڈول کے مطابق شروع ہو جائیں گے، جس سے پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں میں رنگ دوبارہ بحال ہوں گے اور شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ کا لذت ملے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ایس ایل کے کے بقیہ میچز پی سی بی کے بعد
پڑھیں:
یو اے ای سہ فریقی سیریز؛ پاکستان اور افغانستان کے شائقین کیلیے بڑا فیصلہ
کراچی:متحدہ عرب امارات میں اگست اور ستمبر کے دوران شیڈول سہ فریقی سیریز کے حوالے سے پاکستان اور افغانستان کے شائقین کے لیے الگ الگ اسٹینڈ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کرکٹ پاکستان ویب سائٹ کے مطابق شارجہ کی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ ماضی کی طرح دوبارہ کوئی برا واقعہ رونما نہ ہو سکے۔
سیکیورٹی پروٹوکول کے تحت پاکستان اور افغانستان کے شائقین کے لیے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں الگ الگ داخلی دروازے اور اسٹینڈ مختص کیے جائیں گے۔
منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت قومیت کی بنیاد پر محدود کی جائے گی اور شائقین کو ٹورنامنٹ کے دوران مخصوص نشستوں والے علاقوں میں بٹھایا جائے گا۔
پاکستان اور افغانستان اب تک 7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکے ہیں، جس میں سے 4 میچز قومی ٹیم جبکہ تین میچز افغان ٹیم نے جیتے ہیں۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 29 اگست کو کھیلا جائے گا۔