آپریشن بُنیان مرصوص میں عظیم فتح ملنے پر عرصے سے مایوس مسلمان خوش ہوگئے، مفتی تقی عثمانی
اشاعت کی تاریخ: 12th, May 2025 GMT
مفتی اعظم پاکستان مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ آپریشن بُنیان مرصوص میں عظیم فتح ملنے سے ایک عرصے سے مایوس مسلمان خوش ہوگئے ہیں۔
کراچی میں مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے منعقد بنیان مرصوص کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ہم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑے تھے اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے، فتح عظیم پر شکر ادا کرنے کے لیے مزار قائد کے پہلو میں جمع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک عرصہ سے مایوسی کا شکار تھے اور فتح و نصرت کی خبر کے لیے کان بے تاب رہتے تھے، آج پاکستان اور امت مسلمہ کا ہر فرد خوشی کے جذبات سے لبریز ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے ساری دنیا میں اپنی برتری کا سکہ منوایا، پاکستانی قوم ناقابل شکست ہے، پانچ گنا دگنی فوج پر فتح مبین ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا نے آپریشن کا نام سندور رکھا اور اس کو عورتوں کا آپریشن قرار دیا جبکہ پاکستان نے آپریشن کو بنیان مرصوص قرار دیا اور اپنا لوہا منوایا۔ پاکستان نے دشمن کے شہریوں پر نہیں بلکہ فوجی تنصیبات پر حملہ کیا۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ 1965 میں بزدل دشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی ہم سرخرو ہوئے، ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہماری لاج رکھی، ہمیں اللہ پر توکل کی وجہ سے فتح ملی اور اس پر تکبر کے بجائے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے، اس ملک کو اسلام کے تابع بنائیں گے، ملک کی خدمت کے لیے جان و مال کی قربانی پیش کریں گے جبکہ پاکستان کو کرپشن اور رشوت سے پاک کریں گے۔
جلسے سے مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم، مفتی منیب الرحمان سمیت دیگر مذہبی جماعت کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مفتی تقی عثمانی نے کہا نے کہا کہ
پڑھیں:
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور سہولت کار بھی پکڑے گئے
---فائل فوٹوبلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
سیکیورٹی کے ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور ان کے زیرِ استعمال موٹرسائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں تنظیم کے متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ مزید ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہا ہے۔