سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق، اسحاق ڈار کا چینی حکومت کی مستقل حمایت پر شکریہ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, May 2025 GMT
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کی سہ فریقی ملاقات کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ میں پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ میں سہ فریقی ملاقات ہوئی، جس میں چین نے دونوں ممالک کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ تینوں رہنماؤں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے اپنے مشترکہ عزم پر زور دیا۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سہ فریقی وزرائے خارجہ کا 6 واں اجلاس جلد، باہمی طور پر مناسب تاریخ پر کابل میں منعقد ہوگا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سہ فریقی تعاون کو علاقائی سلامتی اور معاشی روابط کے لیے اہم قرار دیا گیا جبکہ چین نے پاکستان اور افغانستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ جبکہ ملاقات کے دوران تینوں وزرائے خارجہ نے سکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران وزیر خارجہ اسحق ڈار نے چینی ہم منصب سمیت دیگر وزراء سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اسحق ڈار نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ عامر خان متقی سے ملاقات میں حالیہ دورہ کابل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاک افغان تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا جبکہ باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس سے قبل، وزیر خارجہ اسحق ڈار نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کو فولادی دوست اور ہمہ موسمی شراکت دار قرار دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے سی پیک ٹو پر تیزی سے کام پر بھی اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اسحق ڈار نے خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کو ناگزیر قرار دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحق ڈار کا 3 روزہ دورہ چین مکمل ہوگیا۔ پاکستان، افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ میں سہ فریقی مذاکرات ہوئے جبکہ ملاقات میں سی پیک کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے وطن واپسی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، چین اور افغانستان سہ فریقی اجلاس بھی منعقد ہوا جبکہ افغان عبوری وزیرخارجہ سے بھی مذاکرات ہوئے ہیں جس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین سے واپسی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی حکام سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان چین، افغانستان سہ فریقی اجلاس بھی منعقد ہوا۔ چین کا دورہ انتہائی مفید رہا۔ چین ہمارا دیرینہ تزویراتی شراکت دار ہے۔ افغان عبوری وزیر خارجہ سے بھی مذاکرات ہوئے۔ اگلا سہہ فریقی اجلاس افغانستان میں ہوگا۔ چین کے ساتھ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ترجمان دفتر خارجہ اسحق ڈار نے اتفاق کیا کے دوران کیا گیا پر بھی کے لیے چین کے سی پیک
پڑھیں:
اسرائیلی جارحیت ناقابل قبول؛ اوّلین ترجیح غزہ میں مستقل جنگ بندی ہے، سعودی عرب
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابل قبول ہے فی الوقت سب سے بڑی ترجیح غزہ میں مستقل جنگ بندی کا حصول ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار سعودی وزیر خارجہ نے روس کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔
اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی ممکنہ بحالی سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرِخارجہ نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ جب تک ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوجاتی۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی ممکن نہیں ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیلی فورسز غزہ کے عام شہریوں کو روند رہی ہیں۔ یہ سب کچھ غیر ضروری اور کسی بھی طرح قابلِ قبول نہیں ہے۔ اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 57 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ دس لاکھ سے زائد شہری بے گھر ہوگئے۔