کراچی، گلشن معمار میں شوہر کی فائرنگ سے بیوی ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 23rd, May 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں گلشن معمار کے علاقے ملا عیسیٰ گوٹھ معمار میں شوہر کی فائرنگ سے بیوی جاں بحق ہوگئی۔
جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 22 سالہ اقصیٰ سولنگی کے نام سے کی گئی، مقتولہ کے ماموں انور علی سولنگی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولہ کو اس کے شوہر اسماعیل چنہ نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر گولی مار کر قتل کر دیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو آلہ قتل ( پستول ) سمیت حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا۔
انور علی سولنگی نے بتایا کہ مقتولہ نے تقریباً 6 ماہ قبل اسماعیل چنہ سے اپنے گھر والوں کی اجازت کے بغیر محبت کی شادی کی تھی جبکہ اسماعیل پہلے سے شادی شدہ اور چار بچوں کا باپ ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی، فلیٹ سے خاتون کی پرانی لاش برآمد، ورشہ جعفری کے نام سے شناخت
انہوں نے قتل کی وجہ بتائی کہ اسماعیل سولنگی کا گھر دو منزلہ ہے ، اسماعیل کی پہلی بیوی اپنے چاروں بچوں ، ساس ، سسر ، دیور اور نندوں کے ہمراہ گراؤنڈ فلور پر جبکہ اقصیٰ کا کمرہ بالائی منزل پر ہے۔
واقعے سے پہلے اقصیٰ کے ساس اسے گھر کے کسی کام کے سلسلے میں اپنے ساتھ نیچے لے گئی تھی جب اسماعیل گھر آیا تو وہ اقصیٰ کو نیچے دیکھ کر آگ بگولہ ہوگیا اور اسے اوپر لے جا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اس نے نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ تم میری اجازت کے بغیر نیچے کیوں گئیں وہاں میرے بھائی بھی موجود ہیں جن کی نیت خراب ہے۔
ملزم کا جب تشدد سے دل نہیں بھرا تو اس نے پستول نکال کر اقصیٰ کے سر پر گولی مار کر قتل کر دیا ، انہوں نے بتایا کہ ملزم اسماعیل لینڈ گریبر ہے جو ملا عسیٰ گوٹھ میں زمینوں پر قبضے کر فروخت کرنے کا کام کرتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک
بھارتی اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر پر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دیشا پٹانی کے گھر فائرنگ کے واقعے کے بعد ان کے گھر کے باہر اور اداکارہ کے اہل خانہ کیلئے حکام کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی جبکہ ملزمان کی تلاش جاری تھی۔
رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے علاقے غازی آباد میں دونوں ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ دونوں ملزمان کا بدنام زمانہ گروہ بشنوئی گینگ سے بتایا جارہا ہے جو سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے کیلئے جانا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کی کے واقعے کی ذمہ داری بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر گولڈی برار اور روہت گودارا گینگ نے قبول کی تھی اور دھمکی دی تھی کہ دیشا کی بہن خوشبو ہمارے ’روحانی رہنماؤں‘ کے بارے میں مبینہ توہین آمیز الفاظ کہے اگر انہوں نے دوبارہ ایسا کیا تو کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔