دسویں تھل ڈیزرٹ ریلی 2025 کا باقاعدہ اعلان،
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
محکمہ سیاحت پنجاب نے دسویں تھل ڈیزرٹ ریلی 2025 کے انعقاد کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، جو 6 تا 9 نومبر تک لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ میں منعقد ہوگی۔ لاہور میوزیم کے آڈیٹوریم میں منعقدہ پروموشنل تقریب میں سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر احسان بھٹہ اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے شرکت کی۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ یہ ریلی صرف موٹر اسپورٹس ایونٹ نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کی ثقافتی عظمت، صوفی ورثہ، لوک موسیقی، دستکاری اور ریگستانی طرزِ زندگی کو اجاگر کرنے کا ایک جامع جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس مقامی فنکاروں اور ہنرمندوں کے لیے مواقع فراہم کرتے ہیں اور پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ دنیا کے سامنے لاتے ہیں۔
عاصم رضا نے بتایا کہ دسویں ریلی کا ٹریک تقریباً 200 کلومیٹر طویل ہوگا اور ملک بھر سے سو کے قریب ڈرائیورز حصہ لیں گے، جن میں خواتین ڈرائیورز اور معروف ریلی چیمپئنز جیسے میر نادر مگسی، صاحبزادہ سلطان محمد علی، زین محمود اور خاکوانی برادران شامل ہیں۔
ریلی کے دوران لوک موسیقی کی محفلیں، اونٹ و گھوڑوں کے شوز، ٹینٹ پیگنگ، دستکاری بازار اور ثقافتی میلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جو جنوبی پنجاب کی ثقافت اور سیاحت کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ٹی ڈی سی پی کے مطابق ریلی کے بعد علاقے میں کئی ماہ تک معاشی سرگرمیوں اور آمدنی میں اضافہ دیکھا جائے گا، اور لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کی انتظامیہ نے مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔
تقریب کے دوران ٹی ڈی سی پی، ڈسکور پاکستان اور پاک وہیلز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت ڈسکور پاکستان ریلی کا آفیشل میڈیا پارٹنر اور پاک وہیلز آفیشل ڈیجیٹل میڈیا پارٹنر ہوگی۔
یہ ریلی ملکی و غیر ملکی ڈرائیورز کو جنوبی پنجاب کے ورثے، ثقافت اور ایڈونچر اسپورٹس کے امتزاج سے عالمی سطح پر روشناس کرائے گی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
جنرل فیض حمید کو سزا ملنے سے احتساب کے نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوگا، چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنرل فیض حمید کو سزا ملنے سے احتساب کے نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مظفر گڑھ میں سابق ایم این اے مہر ارشاد احمد سیال کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ یہ تصور کیا جاتا ہے کہ بڑے لوگوں کو سزا دینے کا نظام نہیں ہے تاہم یہ تصور غلط ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جیلیں ہم نے بھی خوش اسلوبی سے کاٹی ہیں۔جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کےلئے اپنی تمام کوششیں اب بھی جاری رکھیں گے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب اور مظفر گڑھ کی ترقی کےلئے کئی منصوبے شروع کئے ،ترکیہ کی مدد سے ہم نے طیب اردوان ہسپتال اور ہیڈ محمد والا پل بنوایا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کا واحد حل یہی ہے کہ اسے صوبہ بنایا جائے اور یہی بات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہی ہے کہ جن صوبوں پر اتفاق رائے ہے وہ صوبے بننے چاہئیں۔
یہ اب موجودہ حکومت کی صوابدید ہے کہ وہ کس علاقے میں کتنا ترقیاتی فنڈ یا منصوبے لاتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات میں ہوتا ہے،حکومت کو گڈز ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات ضرور کرنے چاہئیں تاکہ ان کے بھی تحفظات کو دور کیا جا سکے۔